میرا بس چلے تو اسمارٹ فون ہی بند کروادوں،شیخ رشید کا طالبات کو موبائل کم استعمال کرنے اور جلدی سونے کا مشورہ

کئی سیاستدانوں کی جعلی ڈگری سامنے آئی ،مجھ پر آج تک کسی نے جعلی ڈگری ہونے کا الزام نہیں لگایا، گفتگو

منگل 26 مارچ 2019 16:43

میرا بس چلے تو اسمارٹ فون ہی بند کروادوں،شیخ رشید کا طالبات کو موبائل کم استعمال کرنے اور جلدی سونے کا مشورہ
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے طالبات کو موبائل فون کم استعمال کرنے اور رات کو جلدی سونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کا بس چلے تو اسمارٹ فون ہی بند کروادیں۔ویمن کالج راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ راولپنڈی خواتین کی تعلیم میں سب آگے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے سیاسی زندگی میں جتنے پلاٹ ملے سب پر درس گاہیں بنائی ہیں، میری اس کالج سے بھی بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔وزیر ریلوے نے کہاکہ سرسید روڈ پر خواتین کالج کا ٹھیکا دے دیا ہے، پولیس لائن کو شفٹ کرکے اس کی جگہ یونیورسٹی بنانا چاہتا ہوں، اس کالج میں تب ہی واپس آؤں گا جب کالج یونیورسٹی میں تبدیل کرلوں گا۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہر میں نرسنگ کالج اور ہسپتال بنوا رہا ہوں، ساتھ ہی انہوں نے کالج انتظامیہ کو پیشکش کی اگر یہ کالج یونیورسٹی بن گیا تو لال حویلی کو بھی اس کا کیمپس بنا لیں۔

وزیر ریلوے نے اس دوران لڑکیوں اور لڑکوں کی تعلیمی دلچسپی پر بھی روشنی ڈالی اور لڑکوں کو نالائق قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ لڑکے نالائق ہیں پڑھتے ہی نہیں، یہی وجہ ہے کہ لڑکے کو 450 اور لڑکی کو 700 نمبر پر داخلہ ملتا ہے۔شیخ رشید احمد نے طالبات کو تعلیم پر مکمل توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے موبائل فون کا استعمال بھی کم کرنے اور رات جلدی سونے کا مشورہ دیا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ رات کو سب جلدی سویا کریں، موبائل فون استعمال نا کیا کریں، میرا بس چلے تو میں اسمارٹ فون ہی بند کروادوں۔ وزیر ریلوے نے اپنے سوشل میڈیا کے استعمال سے بھی طالبات کو آگاہ کیا اور بتایا کہ وزیراعظم عمران خان مجھے کہتے ہیں کہ میرے 5 لاکھ فالوورز ہیں تاہم وزیراعظم کو بتایا کہ میں نے تو آج تک ٹوئٹ ہی نہیں کی۔شیخ رشید نے اپنی ڈگری اصل ہونے کا بھی دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کئی سیاستدانوں کی جعلی ڈگری سامنے آئی لیکن مجھ پر آج تک کسی نے جعلی ڈگری ہونے کا الزام نہیں لگایا کیونکہ میری ڈگری بی اے میں کمپارٹ تھی اور جس کے نتیجے میں کمپارٹ ہوتی ہے اس کی ڈگری پر شک نہیں ہوتا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں