بھارتی غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کی بھاری مقدار نذر آتش

کسی صورت میں بھارتی چینلز کی اجازت نہیں دینگے،چیئرمین پیمرا ڈائریکٹ ٹو ھوم (ڈی ٹی ایچ )رواں برس نومبر میں متعارف کرایا جائے گا ،مرزا سلیم بیگ

جمعرات 18 اپریل 2019 22:25

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)مرزا سلیم بیگ نے کہا ہے کہ کسی صورت میں بھارتی چینلز کی اجازت نہیں دینگے،اگر کوئی چلائے گا تو مقدمہ بھی درج ہو گا اور جرمانہ بھی ہو گا،ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ )رواں برس نومبر میں متعارف کرایا جائے گا۔ آل پاکستان سیٹلائٹ گڈز ایسوسی ایشن اینڈ ٹریڈرز یونین کے زیر اہتمام امپیریل مارکیٹ راجہ بازار میں غیر قانونی بھارتی ڈی ٹی ایچ اور سی لائن آلات کی تلفی کے موقع پر چیئرمین پیمرا مرزا سلیم بیگ نے سیٹلائٹ نیوز اور کرنٹ افیئرز چینلز پر زور دیا کہ وہ ملک میں مثبت ترقی کو اجاگر کریں اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے پر امیدی کو فروغ دیں ۔

انہوں نے کہاکہ پیمرا کسی صورت بھی بھارتی ثقافت کے فروغ کی اجازت نہیں دے گا اور بھارتی مواد آن ایئر کرنے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ سب کچھ کیبل آپریٹرز کی بہتری کے لیے کیا جا رہاہے ۔چیئرمین پیمرا نے اس موقع پر تاجر تنظیموں کی جانب سے پیمرا قوانین کی پاسداری کے عمل کو سراہا اور کہاکہ غیر قانونی بھارتی ڈی ٹی ایچ پاکستانی ڈی ٹی ایچ کے لیے ایک خطرہ تھا ۔

اس موقع پر پیمرا ،آل پاکستان سیٹلائٹ گڈز ایسوسی ایشن اور ٹریڈرز یونین کے زیر اہتمام بھارتی غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کی بھاری مقدار نذر آتش بھی کی گئی۔اس موقع پر تاجر راہنماء ملک شاہد غفور پراچہ نے کہاکہ اپنے ملک کی عزت و وقار کیلئے اپنی جانیں دینے کیلئے تیار ہیں، ہمیں جب بھی پکارا گیا ملک کیلئے تاجروں نے بھرپور کردار ادا کیا،بھارتی نشریات کی پابندی کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں ہو سکتی ۔ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس زاہد کھوکھرنے اپنے خطاب میں کہاکہ جن چیزوں پر حکومت نے پابندی لگائی انکو ختم کرنا اچھا اقدام ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں