فرائی ڈے اور ایسٹرڈے کے موقع پر راولپنڈی میں 2ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوںگے

جمعہ 19 اپریل 2019 11:15

راولپنڈی 18اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) راولپنڈی پولیس نے مسیحی برادری کے سالانہ تہوار گڈ فرائی ڈے اور ایسٹرڈے کے حوالے سے فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا۔سکیورٹی پلان کے مطابق راولپنڈی پولیس کے 2ہزار سے زائد افسران و ملازمان ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق سی پی او راولپنڈی عباس احسن کی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے مسیحی برادری کے سالانہ تہوار گڈفرائی ڈے اور ایسٹر کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے ۔

مسیحی برادری کے تہوار سے قبل سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے اپنے دفتر میں مسیحی برادری کے پاسٹرز کے وفد کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا علاوہ ازیں ڈویژن ، سب ڈویژن اور تھانہ جات کی سطح پر مقامی پاسٹرز اور مسیحی برادری کے ارکان سے بھی سکیورٹی کے معاملات کے متعلق میٹنگز منعقد کی گئیں تاکہ تمام سکیورٹی امور و معاملات کو خوش اسلوبی سے سر انجام دیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

سکیورٹی پلان کے مطابق راولپنڈی پولیس کے 02ہزار سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ علاوہ ازیں لیڈیز پولیس ، ایلیٹ فورس ، سپیشل برانچ ، ڈولفن فورس بھی ڈیوٹی سرانجام دے گی ۔ اس موقع پر راولپنڈی کے داخلی و خارجی راستو ں پر سخت چیکنگ کی جائے گی ، شہر بھر میں ہوٹل ، سرائے کی چیکنگ بھی کی جائے گی ، مشکوک گاڑیوں اور افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔

آتش بازی و ہوائی فائرنگ کی ہرگز اجازت نہ دی جائے گی ۔ضلع بھر میں تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقہ تھانہ میں رائونڈ دی کلاک موبائل گشت ڈیوٹی کویقینی بنائیں گے ۔تمام پارک اور تفریح مقامات پر ایسٹر کے حوالے سے پولیس ڈیوٹی کو خصو صی طور پر یقینی بنایا گیا ہے ، علاوہ ازیں ضلعی سطح پر خصوصی کنٹرول روم کے قیام کے ساتھ ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ضلعی پولیس اور ایلیٹ فورس کے خصو صی دستے ہمہ وقت تیار رہیں گے ۔

سیکورٹی پروگرام کے مطابق ڈویژن کی سطح پر لگائی گئی تمام ڈیوٹی کی سپر ویژن ڈویژنل ایس پیز کریں گے ، جبکہ سکیورٹی پروگرام میں لگائی گئی ڈیوٹی کی اوور آل سپر ویژن ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی کریں گے ۔ راولپنڈی پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لائے گی ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں