چینی سفارتخانہ آئی ایس پی آر کے کردار کا معترف ہے،چینی سفیر

چینی قائمقام سفیر ژاؤلی جیان ک آئی ایس پی آر کا دورہ، میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات ،آئی ایس پی آر نے پاک چین تعلقات کو پروان چڑھانے میں بھرپور کام کر رہا ہے، چینی قائمقام سفیرژاؤلی جیان کا پیغام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 26 اپریل 2019 15:56

چینی سفارتخانہ آئی ایس پی آر کے کردار کا معترف ہے،چینی سفیر
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 اپریل 2019ء) پاکستان میں چین کے قائمقام سفیر ژاؤلی جیان نے آئی ایس پی آر کا دورہ کیا۔جہاں پر چینی قائمقام سفیر ژاؤلی جیان نے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔ چینی قائم مقام سفیر نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے کردار کو سراہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے قائمقام سفیر ژاؤلی جیان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈی آئی ایس پی آر سے ملنا خوشی کا باعث ہے۔آئی ایس پی آر پاک چین تعلقات کو پروان چڑھانے میں بھرپور کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی سفارتخانہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے کردار کا معترف ہے۔ واضح رہے پاک چین ہمسایہ دوست ممالک ہیں، عالمی سطح پر مسئلہ ہو یا خطے میں ہو، چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، پاک چین سیاسی ،معاشی، اور دفاعی تعلقات دنیا بھر میں مثالی ہیں،وزیراعظم عمران خان چار روزہ دورے پر چین گئے ہیں، جہاں اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے میگا منصوبے کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے پانچ نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں، سیاحت کا فروغ ، کرپشن اور وائٹ کالر کرائمز کیخلاف مشترکہ حکمت عملی، غربت کے خاتمے کیلئے فنڈز کا قیام اور تجارت و سرمایہ کاری کیلئے ماحول بہتر بنانے کی کوششیں کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے فیز کی جانب بڑھ رہے ہیں جس میں اسپیشل اکنامک زونز کا قیام ہوگا، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان میں توانائی بحران میں کمی ہوئی اور چین کے تعاون سے گوادر تیزی سے دنیا کا تجارتی مرکز بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ (ون بیلٹ ون روڈ) منصوبہ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے بھی اہم ہے تاہم پاکستان چین کی اس بڑی کاوش کا ابتدائی شراکت دار ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ اہمیت کا حامل ہوگا ہم بنیادی ڈھانچے، ریلوے ، آئی ٹی اور توانائی میں چین کے ساتھ تعاون چاہتے ہیں اس کے ساتھ زراعت، صحت اور تعلیم میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان میں احساس کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے جو چین کے ماڈل سے متاثر ہو کر شروع کیا گیا ہے کیونکہ چین نے 30 سال سے کم عرصہ میں 800 ملین سے زائد افراد کو غربت سے نکالا ہے، ہم نجی شعبہ کی شراکت داری سے اقتصادی و سماجی ترقی کے اہداف حاصل کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ ایک خطہ ایک شاہراہ کا چین کے صدر کا وژن دانشمندی، باہمی عزت و احترام اور خوشحالی کا ماڈل ہے۔ نہوںنے کہاکہ ہم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پانے کو بنیادی اہمیت دے رہے ہیں جس پر ہم سب کو ملکر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے گزشتہ 5 سال کے دوران ایک صوبے خیبرپختونخوا میں پانچ ارب درخت لگائے ہیں جبکہ آئندہ پانچ سال کے دوران ملک بھر میں 10 ارب درخت لگائے جائیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں