پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ کا متعدد سرکاری دفاتر کااچانک دورہ‘ کارکردگی کا جائزہ لے کر اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایات

اتوار 19 مئی 2019 13:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے متعدد سرکاری دفاتر کااچانک دورہ کیا اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لے کر اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں ․ خیابان سرسید میں واقع دیہی مرکز صحت کا صوبائی وزیر نے تفصیلی دورہ کیا اور ہر شعبے میں جا کر وہاں موجود سٹاف سے ان کی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ․ دیہی مرکز صحت کی انچارج ڈاکٹر لبنی اسحق نے راجہ راشد حفیظ کو بتایا کہ یہ مرکز 1980 ء میں اس وقت یہاں قائم کیا گیا تھاجب آبادی کم اور دیہی میں شمار ہوتی تھی ․ اس مرکز میں عوام کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات انتہائی اعلی معیار کی ہیں جہاں تمام ٹیسٹوں کی سہولت بھی موجود ہے ․ ڈاکٹر لبنی اسحق نے بتایا کہ حاملہ خواتین کے امراض اور مسائل کے بارے میں بچے کی پیدائش تک اور اس کے بعد زچہ بچہ کی صحت کے حوالے سے مکمل طبی سہولیات موجود ہیں ․ انہو ںنے بتایا کہ یہاں صرف آپریشن نہیں ہوتااور اگر ایسا کوئی کیس آ جائے تو اسے ہولی فیملی ریفر کر دیا جاتا ہے جبکہ ہولی فیملی ہسپتال سے کئی کیس دیہی مرکز صحت خیابان سرسید کو ریفر کئے جاتے ہیں ․ یہ صحت مرکز چوبیس گھنٹے کھلا رہتا ہے اور ہمہ وقت ایک میڈیکل آفیسر فزیکلی موجود ہوتا ہے ․ حکومت پنجاب کی منظور شدہ 21 اقسام کی ادویات مریضوں کو مفت فراہم کی جاتی ہیں جبکہ ٹیسٹوںکی بھی کوئی فیس نہیں لی جاتی ․ مرکز میں دانتوں کے امراض کا بھی تسلی بخش علاج کیا جاتا ہے ․ راجہ راشد حفیظ نے ان سروسز کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ․ راجہ راشد حفیظ نے محکمہ خوراک پنجاب کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور گندم کے سٹاک اور خریداری کے حوالے سے بریفنگ لی ․ دفتر کے انچارج آفیسر سلیمان علی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ وہ گندم کی خریداری کیلئے کسانوں کو بار دانہ فراہم کر رہے ہیں تاہم بارشوں کی وجہ سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کے سبب اس دفعہ مقرر کیا گیا ہدف 142 میٹرک ٹن پورا نہیں ہو سکے گا ․ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کو آٹے کی معیاری اور مطلوبہ فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ملوں کو سبسیڈائزڈ قیمتوں پر صاف گندم کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چائییے ․ دریں اثناء راجہ راشد حفیظ نے مری روڈ شمس آباد میں پنجاب انفارمیشن کے دفتر کا بھی دورہ کیا ․ ڈائریکٹر انفارمیشن حامد جاوید اعوان نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا اور اپنے دفتر میں انہیں بریفنگ دیتے ہوئے کارکردگی سے آگاہ کیا ․ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت عوامی بہبود کیلئے جو اقدامات اور منصوبے کرتی ہے ان سے عوام کی آگاہی اس لئے ضروری ہوتی ہے کہ وہ نہ صرف ان اقدامات یا منصوبوں سے فیض یاب ہو سکیں بلکہ ان کی تکمیل میں اپنا کردار بھی ادا کر سکیں اس لئے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران اور عملے کو چائییے کہ وہ پوری ایمانداری ، محنت اور تندہی سے کام کریں ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ شخصی پروجیکشن کی بجائے حکومت کے فلاحی کاموں کی تشہیر کی جائے ․ انہو ںنے رائے عامہ کی تشکیل میں میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ذاتی اور سیاسی مفادات کے حصول کیلئے حکومت سے باہر بیٹھے سیاستدان بے بنیاد پراپیگنڈہ کرکے حکومت کے اچھے کاموں سے بھی نقص نکالتے ہیں اور اس تاثر کو ختم کرنے کیلئے آپ کا کردار بڑا اہم ہے ․ صوبائی وزیر نے ڈھوک حسو میں کمیونٹی سپورٹ فائونڈیشن کے دفتر کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کے چئیرمین سلطان فیض نے بتایا کہ علاقے کی بے سہارا ، غریب اور بے روزگار خواتین کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے سلائی مرکز کے علاوہ یہاں ایک سکول ، مدرسہ اور ویلفئیر سنٹر قائم ہے جس سے اہل علاقہ استفادہ کر رہے ہیں -

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں