جڑواں شہروں کے ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھانے کا مطالبہ کردیا

ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی کا اوور چارجنگ پرسخت کارروائی کااعلان ،ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں

اتوار 19 مئی 2019 17:30

راولپنڈی 19مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد جڑواں شہروں کے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافے کا مطالبہ کر دیا جبکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے زائد کرایوں کی وصولی پر سخت کارروائی کا لائحہ عمل تیار کر لیا ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق مرکزی ٹرانسپورٹ یونین راولپنڈی اسلام آباد نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں اضافے کے تناسب سے نیا کرایہ نامہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ پٹرول کی قیمت کے حساب سے کرایہ کم ہے اسے فوری طور پر بڑھایا جائے یا پٹرول کی قیمت کو کم کیا جائے ۔دوسری جانب قومی خبر رساں ایجنسی کے استفسار پرسیکرٹری آر ٹی اے خالد یامین ستی نے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں ازخود اضافہ کے اعلان پر سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے خبردار کیاکہ ٹرانسپورٹرز کو زائد کرایوں کی وصولی کسی صورت نہیں کرنے دیں گے اور اوور چارجنگ میں ملوث ٹرانسپورٹرزکے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ زائد کرایوں کی وصولی میں ملوث ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کے لیے آر ٹی اے نے خصوصی سکواڈ بھی تشکیل دے دیئے ہیں جو کہ مسافروں کی شکایات پر فوری کارروائی کے ساتھ ساتھ ازخود بھی چھاپے ماریں گے ۔ذرائع نے بتایاکہ اوور چارجنگ میں ملوث ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانوں کے ساتھ روٹ منسوخی کی سزائیں دی جا سکتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں