پاکستان کا زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین II- کا کامیاب تجربہ

جمعرات 23 مئی 2019 12:50

پاکستان کا زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین II- کا کامیاب تجربہ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) پاکستان نے جمعرات کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین II- کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس تجربہ کا مقصد آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانا تھا۔ شاہین II- میزائل 1500 کلو میٹر تک روائتی اور غیر روائتی ہتھیاروں کو ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

بھرپور باصلاحیت کا حامل یہ میزائل خطے میں مطلوبہ ڈیٹرینس استحکام کو برقرار رکھنے کے حوالے سے پاکستان کی تذویراتی ضروریات کو مکمل طور پر پورا کرتا ہے۔ اس ٹریننگ لانچ کے دوران میزائل نے بحیرہ ء عرب میں اپنے ہدف کو ٹھیک نشانہ بنایا۔ ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلان ڈویژن، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، چیئرمین نیسکام، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسران، اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدان اور انجینئرز نے بھی اس کا مشاہدہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے شاہین II- میزائل کے کامیاب تجربہ پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے بھی اس کامیابی پر اپنی جانب سے مبارکباد پہنچائی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں