شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر شہباز شریف کا واویلا قوم کو گمراہ نہیں کر سکتا، فیاض الحسن چوہان

شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری وزیراعظم کے پاکستان کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانے کے قوم سے کئے گئے وعدے کی پہلی کڑی ہے ، وفود سے گفتگو

جمعرات 18 جولائی 2019 23:34

شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر شہباز شریف کا واویلا قوم کو گمراہ نہیں کر سکتا، فیاض الحسن چوہان
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر شہباز شریف کا واویلا قوم کو گمراہ نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانے کا جو وعدہ قوم سے کیا ہے، شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ گزشتہ سالوں میں آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن نے لوٹ مار اور کرپشن کے جس درخت کو پروان چڑھایا اس کو جڑ سے اکھاڑنے کا وقت آن پہنچا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کے ٹھیکوں میں آلِ شریف کے فرنٹ مین کا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سرکاری ٹھیکوں کے لین دین کے معاملات میں غبن کر کے کروڑوں ڈالر کک بیکس اور کمیشن کی مد میں کمائے اور اپنے اکاؤنٹ بھرے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی طرف سے اپنے دور میں اسپتالوں میں اعلیٰ طبی سہولیات کی تعریف جچتی نہیں۔ اگر شریف دور میں صحت کے شعبے میں خاطر خواہ کام ہوا ہوتا تو سارا خاندان اپنی کھانسی تک کا علاج لندن سے نہ کرواتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی کرپشن کا وہ طوطا تھا جسمیں کرپشن کے جنوں نواز شریف اور شہباز شریف برادران کی جان تھی۔ انہوں نے عوام الناس کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عوام حوصلہ رکھے، کرپشن کا خاتمہ قریب ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں