سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے قانون شکنی اور غیر اخلاقی جرائم کا باعث بننے والے نیٹ کیفوں کے خلاف آپریشن کا حکم دے دیا

اتوار 21 جولائی 2019 21:55

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2019ء) سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے قانون شکنی اور غیر اخلاقی جرائم کا باعث بننے والے نیٹ کیفوں کے خلاف آپریشن کا حکم دے دیا،آپریشن کے بعد اگر کسی جگہ پر ایسا نیٹ کیفے فنگشنل پایا گیا تو اس علاقہ کے ایس ایچ او کو سخت محکمانہ احتساب کا سامنا کا سامنا کرنا پڑے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز کیمپ آفس میں پولیس افسران کو ہدایا ت دیتے ہوئے کیا،سی پی او نے کہا کہ رات گئے تک کھلے نرہنے والے نیٹ کیفے بسا اوقات جرائم کی آماجگاہ بن جاتے ہیں ،ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے بھی ان مقامات کو وقت پاس کرنے کا ذریعہ بناتے ہیں،ان مقامات پر سوشل میڈیا کو غلط طریقے سے استعمال کیا جاتا ہے ،سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی اور شر انگیزی پر مبنی مٹیریل بھی اپ لوڈ ہوتا ہے،قانون شکنی کا سبب بننے والے یہ نیٹ کیفے کریمنلز کے سب سے بڑے سہولت کار کی شکل اختیار کر لیتے ہیں،لہٰذا ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،راولپنڈی پولیس اس بات کو چیک کرے کہ کیا ان نیٹ کیفوں کے قیام کے قانونی ایس او پیز پورے ہیں،جن کیفوں کے ایس او پیز پورے ہوں انہیں پابند کیا جائے کہ وہ قانون شکنی کی کسی واردات کا کسی بھی حوالے سے ذریعہ نہ بنیں ،جبکہ جن کیفوں کے ایس او پیز پورے نہ ہوں انہیں قانونی طریق کار پورے کر کے بند کروایا جائے اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے بھی اطلاعات کا تبادلہ کیا جائے ،سی پی او نے کہا کہ وہ اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لیں گے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں