پنجاب بھر میں یوم آزادی کو یوم یک جہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا،بشارت راجہ

منگل 13 اگست 2019 19:25

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2019ء) قانون و سوشل ویلفیئرکے صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرپنجاب بھر میں یوم آزادی کو یوم یک جہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا، یوم آزادی کو یک جہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری بھائیوں کو یقین دلانا ہے کہ پاکستان باالخصوص پنجاب بھر کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور کسی قسم کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دھمیال ہائوس میں پارٹی ورکروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ، خوشحالی کے لیے پوری قوم متحد ہے،14 اگست 72 واں یوم آزادی کا دن ہمیں تحریک آزادی کے شہداء اور بانیان پاکستان کی انتھک جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

(جاری ہے)

جنہوں نے آئندہ نسلوں کی آزادی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔

یوم آزادی کے حوالے سے انہوں نے تمام ہم وطنوں پر ملک کو درپیش چیلنجوں سے نپٹنے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک جمہوری، خوشحال اور پر امن ملک کا خواب دیکھا تھا جہاں سب کو مساوی حقوق میسر ہوں اور دنیا کے لئے ایک بہترین مثال ہو۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست ہمیں اس ملک کے قیام، دفاع اور سکیورٹی کے لئے دی جانے والی بیشمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے تحریک آزادی کے شہداء اور بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا یوم آزادی بھارتی افواج اور مودی حکومت کے ظلم اور بربریت کے شکار اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب اس اذیت اور مصیبت کے وقت میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے آرٹیکل 35 الف اور 370 کو ختم کرکے کشمیر میں ریاست کی خود مختاری اور ملکیتی حقوق کو سلب کر لیا ہے اس لئے آج کا دن اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونے کے عزم کے اعادہ کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی بھی کشمیری عوام کی تحریک خود ارادیت کو نہیں دبا سکتا۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تحریک جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور انہیں بھارتی تسلط سے آزادی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دن ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خلوص نیت اور لگن سے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے منصوبوں ، عمل اور حاصل ہونے والے نتائج پر غور کرنا ہوگا اور ایک نئے جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عہد کرنا ہوگا۔

انہوں نے تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو اجاگر کرنے کے لئے میڈیا،مشائخ،علمائے کرام، وکلاء ،اساتذہ ،بیرون ممالک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی کوششوں کو سراہا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں