بلااجازت کھالیں اکٹھی کرنے پرکالعدم تنظیم کے رکن سمیت 12افراد گرفتار

جس علاقے میں اسلحہ کی نمائش یا ہوائی فائرنگ ہوئی توعلاقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت کارروائی ہو گی

منگل 13 اگست 2019 19:25

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2019ء) عید الاضحی کے موقع پرکالعدم تنظیموں اور بغیر اجازت کے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے والوں کے خلاف پولیس کے گرینڈ آپریشن میں کالعدم تنظیم کے رکن سمیت 12افراد گرفتار کر لیے گئے ۔ضلع راولپنڈی میں عید الضحیٰ پورے مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منائی گئی،ضلع بھر میں652مساجد،67امام بارگاہوں اور 73کھلے مقامات پر نما زعید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے۔

پنڈی پولیس عید الضحیٰ کے موقع پر سیکورٹی ہائی الرٹ کے تحت سارا دن ضلع بھر کی سڑکوں اور اہم مقامات پر گشت کرتی رہی،آر پی او احسان طفیل اور سی پی او ڈی آئی جی فیصل رانا نے پولیس لائنز میں نما ز عید الضحیٰ ادا کی۔سی پی او کی ہدایت پر پولیس نے کالعدم تنظیموں اور بغیر اجازت نامے کے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے والوں کے خلاف خصوصی آپریشن کیا جس کے دوران پولیس نے راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں 10مقدمات درج کرتے ہوئے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر11ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے قربانی کی غیر قانونی طور پر اکٹھی کی گئی152کھالیں بر آمد کیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایس پی صدر رائے مظہر اقبال نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی کے ایس او پی پر عمل در آمد کروانے کے لئے تشکیل دئیے گئے سپیشل سکواڈ نے مری میں سنی بینک کے علاقہ سے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی تنظیم کے ایک رکن کو گرفتار کیا گیا جو قربانی کی کھالیں اکٹھی کر رہا تھا ۔

گرفتار ہونے والے ملزم قاری طارق کا نام فورتھ شیڈول میں بھی شامل تھا ،ایس پی صدر نے بتایا کہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے غیر قانونی طور پر اکٹھی کی جانے والی قربانی کی کھالیں قبضہ میں لے لیں ،سی پی او کو بتایا گیا کہ ملزم جس کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتا ہے حساسیت کے حوالے سے اس کا پروفائل اسقدر بڑا ہے کہ اس تنظیم سے متعلق افراد کی تفتیش پولیس کا کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کرتا ہے،جس کی وجہ سے ملزم کو سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ،سی ٹی ڈی تھانہ میں ہی ملزم کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کی دفعہ11اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج ہو گا ،سی ٹی ڈی کے اہلکار ہی ملزم کی تفتیش کریں گے۔

سی پی او نے کہاکہ جس تھانہ کے علاقے میں اسلحہ کی نمائش یا ہوائی فائرنگ کی شکایت ثابت ہو گئی تو ایس ایچ او کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی ہو گی۔ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ ملکہ کوہسار مری میں عید الضحیٰ کے پہلے روز1151گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں جبکہ566مری سے واپس گئیں،عید کے دوسرے روز دن12بجے تک2703گاڑیاں داخل ہوئیں جبکہ1982واپس گئیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں