عید الاضحی، دو دن میں 4800ٹن آلائشیں اکٹھی کی گئیں

منگل 13 اگست 2019 19:25

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2019ء) عید الاضحی کے پہلے دو دن شہری علاقوں سے 4800ٹن آلائشیں اکٹھی کی گئیں ۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی رندھاوا نے عید الضحیٰ کے پہلے دن صبح سے لے کر رات گئے تک شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور آلائشوں کے صفائی کے آپریشن کی نگرانی کی۔ ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ انکے ہمراہ تھے۔

انہوں نے صوبائی وزیر خوا ندگی راجہ راشد خفیظ کے ہمراہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کے کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں اویس تارڑ نے ان کو آلائشوں کی صفائی کے آپریشن کی تفصیلات کے متعلق آگاہ کیا ۔ عید کے دوسرے دن بھی صبح سے شام تک ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے شہر کے مختلف حصوں کے علاوہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ویسٹ ٹرانسفر سٹیشن کا بھی دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ، ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہاکہ عید الضحیٰ کے پہلے دن ضلع بھر سے 3100ٹن سے زائد آلائشوں کو لوسر لینڈ فل سائٹ میں ٹھکانے لگا یا جبکہ عید کے دوسرے دن شام تک 1700ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔ ا نہوں نے کہاکہ عید کے پہلے دن تمام سینٹری عملہ رات 12بجے تک شفٹوں میں مصروف عمل رہا جبکہ عید کے دوسرے دن صبح 5بجے سے آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

مری روڈ سمیت راولپنڈی کی تمام شاہراہوں کو پانی سے د ھویا بھی گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہاکہ شہر میں 10مستقل جبکہ 27 موبائل ٹرانزٹ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کنٹرول روم میں ایسا سسٹم بنایا گیا ہے جس سے ہمیں معلوم ہو رہا ہے کہ کس مقام سے آلائشیں اٹھائی گئی ہیں اور کس مقام پر ابھی آلائشیں موجو دہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو آلائشوں کے بارے میں اطلاع دینے کیلئے فون نمبروں کے علاوہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ایک موبائل فون ایپ بھی بنائی ہیں جسے ڈائون لوڈ کرکے شہری ویسٹ مینجمنٹ کے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز اور مقامی عوامی نمائندے صفائی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے سکستھ روڈ، ڈھوک کالاخان، صادق آباد، ڈھوک کھبہ، کمیٹی چوک، وارث خان، عید گاہ روڈ، پیر ودھائی، خیابان سرسید، سیٹلائٹ ٹائون ، سید پور روڈ اور چاندنی چوک کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ رات گئے انہوں نے ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ کے ہمراہ پوٹھوہار ٹائون، النور کالونی، شکریال، گنگال اور کھنہ پل کے علاقوں کا دورہ کیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں