پاک فوج کا نیا چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کون ہو گا؟ چار نام سامنے آگئے

لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار، لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا، لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز اور لفیٹیننٹ جنرل نعیم اشرف میں سے کسی ایک کا چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی بننے کا امکان

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 21 اگست 2019 00:30

پاک فوج کا نیا چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کون ہو گا؟ چار نام سامنے آگئے
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اگست 2019ء) پاک فوج کے نئے چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کے لیےچار نام سامنے آگئے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار، لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا، لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز اور لفیٹیننٹ جنرل نعیم اشرف میں سے کسی ایک کا چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی بننے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال تک کی توسیع کر دی جس کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ 2022ء تک پاکستان کے آرمی چیف کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے باعث متعدد لیفٹیننٹ جنرل فور سٹار کے عہدے کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔ آئندە تین برسوں کے دوران فوج سے آرمی چیف کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر ریٹائر ہونے والے تهری سٹار جنرل 20 سے زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

اس توسیع سے متاثر ہونے والے افسران میں سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار ہیں، جن کا تعلق 70ویں لانگ کورس سے ہے اور وە اس وقت فوج کی سٹریٹیجک پلانز ڈویژن کی سربراہی کر رہے ہیں۔

سرفراز ستار کے علاوە فوج کے مرکزی اور اہم ترین عہدوں میں سے ایک پر تعینات لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا ہیں جو کہ جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل سٹاف ہیں، ان کا تعلق فوج کے اکہترویں لانگ کورس سے ہونے کے باعث وە سینیارٹی میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ 72ویں لانگ کورس کے لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز اور 73ویں کورس کے لفیٹیننٹ جنرل نعیم اشرف بالترتیب کور کمانڈر کراچی اور ملتان تعینات ہیں۔

ان میں سے ہی کسی ایک افسر کا چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی بننے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ کسی بھی لانگ کورس سے فور سٹار کے عہدے کے انتخاب کے بعد ان سے سینیئر افسران کے استعفے کی روایت موجود ہے، لہذا 73ویں لانگ کورس سے اس برس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے لیے سینیارٹی میں جونیئر افسر کی تعیناتی کی صورت میں کئی تھری سٹار جنرلوں کے ریٹائر ہونے کا امکان ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں