آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پاکستان آرڈیننس فیکٹریز اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ

بدھ 21 اگست 2019 22:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی او ایف اور ایچ آئی ٹی کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر واہ نوبل کیمیکلز فیکٹری میں پلانٹ کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

یوریا پلانٹ 8 ماہ کی مدت میں مکمل ہوا، پلانٹ میں جدید ٹیکنالوجی کی تنصیب سے پیداواری لاگت کم ہو گی۔ آرمی چیف نے پی او ایف ڈسپلے سینٹر میں رکھی مصنوعات دیکھیں جبکہ ایچ آئی ٹی میں انہوں نے ٹینکوں اور دفاعی مصنوعات کی تیاری کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہدایت کی کہ پی او ایف مشترکہ منصوبوں کے لئے متحرک اقدامات کرے، مختلف مصنوعات کی تیاری کیلئے نجی شعبے سے مشترکہ معاہدے کیے جائیں۔ دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دفاعی اور سیکورٹی آلات کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ادارے اعلیٰ معیار کے آلات بنا کر قومی خزانے کی بچت کر رہے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں