پنجاب میں نئے انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا سنگ بنیاد رواں برس رکھا جائے گا

پنجاب حکومت ٹیکسز اور لیویز کی مد میں سالانہ تقریباً 300ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کرتی ہے

اتوار 15 ستمبر 2019 16:55

راولپنڈی 15ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) پنجاب میں جدید طرز کے نئے انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا سنگ بنیاد رواں برس کے آخر تک رکھا جائے گاجبکہ 27 اضلاع میں نئے خدمت مراکز کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب میں ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک کے ساتھ ایک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اسی طرح پنجاب میں 10 خدمت مراکز میں 31سروسز عوام کو فراہم کی جا رہی ہیں اور خدمت مراکز میں عوام کی سہولت کیلئے 12 مزید خدمات کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور 27 اضلاع میں نئے خدمت مراکز بھی کھولے جائیں گے ۔ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ای پیمنٹ گیٹ وے پروگرام کے تحت 9 ڈویژنز میں ریجنل ٹیک انکیوبیشن (Incubation) سنٹرزقائم کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

شہری اس پروگرام کے تحت اپنے ٹیکس یا دیگر ادائیگیاں آن لائن ادا کر سکیں گے۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ای پیمنٹ گیٹ وے پروگرام پر پیش رفت شروع کر دی ہے اور ابتدائی طور پر نو ڈویژنز میں پروگرام کی انسٹالیشن کردی گئی ہے ۔پی آئی ٹی بی حکام نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ پنجاب حکومت ٹیکسز اور لیویز کی مد میں سالانہ تقریباً 300ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کرتی ہے ۔ ریونیو کولیکشن کے نظام کو سہل بنانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ پنجاب نے ای پیمنٹ گیٹ وے پروگرام کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ شہریوں کو قطاروں میں کھڑے ہو کر انتظار کی زحمت سے بچایا جاسکے اور انہیں مستقل دفاتر کے چکر لگوانے سے بچاکر آن لائن پے منٹ کی سہولت فراہم کی جائے ۔

ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ ای پیمنٹ گیٹ وے پروگرام کے ذریعے شہری اپنے سمارٹ فونز کے استعمال سے کسی بھی جگہ سے آن لائن ادائیگیاں کر سکیں گے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ یہ ایپ محض ادائیگیوں کے لیے نہیں ہو گی بلکہ اس کے ذریعے شہری میونسپل اداروں کی کارکردگی کے خلاف شکایات کے اندراج ،پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ و ڈومیسائل وغیرہ کے حصول سمیت دیگر سروسز سے بھی استفادہ کر سکیں گے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں