غیر قانونی نجی رہائشی اسکیموں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا ،عارف عباسی

مافیا گذشتہ چھ ماہ سے میرے خلاف سرگرم عمل ہے تاھم دشمنوں کو شکست ہو گی،چیئرمین آر ڈی اے

اتوار 15 ستمبر 2019 16:55

راولپنڈی 15ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) چیئرمین آر ڈی اے محمد عارف عباسی نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے مشن پر کاربند رہتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کا عمل جاری ہے ،قیادت کا ہر فیصلہ قبول ہے ،مافیا گذشتہ چھ ماہ سے میرے خلاف سرگرم عمل ہے تاھم دشمنوں کو شکست ہو گی ۔چیئرمین آر ڈی اے نے اتوار کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ عہدہ ان کے پا س امانت ہے اور وہ اپنے لیڈر کے وژن کے مطابق اس امانت کو نبھا رہے ہیں ۔

عارف عباسی نے آر ڈی اے کی چیئرمین شپ کی تبدیلی کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ اس بارے میں قیادت نے فیصلہ کرنا ہے جو کہ حتمی ہو گا کیونکہ عوام کو کپتان نے ڈلیور کرنا ہے اور کپتان بہتر سمجھتا ہے کہ کون کس عہدے پر کس قدر موثر ہے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین آر ڈی اے محمد عارف عباسی نے قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے میں اپنا کام مکمل دیانتداری سے نبھا رہاہوں اور ادارے کی بہتری ،عوام الناس کو سہولیات کی بہم رسانی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے قیادت کا ہر فیصلہ قبول ہوگا ۔ایک سوال کے جواب میں محمد عارف عباسی نے کہاکہ غیر قانونی نجی رہائشی اسکیموں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور قواعد و ضوابط پر پورا نہ اترنے والی ھائوسنگ سوسائٹیز کوکام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پانی کے غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے ادارے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو معاف نہیں کیاجائے گا ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں