,راولپنڈی:ڈینگی مریضوں کی فوری تشخیص اور علاج کے لئے راولپنڈی کے علاقے کوٹھہ کلاں مورگاہ میں پہلے فلٹر کلینک کا افتتاح کر دیا

اتوار 22 ستمبر 2019 21:31

،راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2019ء) ڈینگی مریضوں کی فوری تشخیص اور علاج کے لئے راولپنڈی کے علاقے کوٹھہ کلاں مورگاہ میں پہلے فلٹر کلینک کا افتتاح کر دیا گیا ہے -کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ خان ڈوگر کے ہمراہ اتوار کی سہہ پہر کوٹھہ کلاں میں اپنی نوعیت کے پہلے فلٹر کلینک کا افتتاح کیا- اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈکوارٹر) صائمہ یونس ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر سہیل بھی موجود تھے - کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ راولپنڈی میں ڈینگی کی وباء پر قابو پانے کے لئے ہنگامی طور پر مختلف نوعیت کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ اس مرض پر بلاتاخیر قابو پانے میں مدد مل سکے اور ڈینگی کے مریضوں کو فوری طور پر علاج معالجے کی سہولیات میسر آ سکیں- انہوں نے بتایا کہ فلٹر کلینک کے قیام کا مقصد ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی فوری طور پر تشخیص ممکن ہو سکے اور جو مریض ڈینگی میں مبتلا پائے جائیں صرف انہیں ہی ڈینگی کے مکمل مستند علاج کے لئے ٹیچنگ ہسپتالوں میں بھیجا جائے - انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے راولپنڈی کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کے غیرمعمولی رش میں کمی واقع ہوگی اور ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف مکمل اطمینان اور یکسوئی کے ساتھ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر سکیں گے -انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کے گھروں اور علاقوں میں آئی آر ایس اور سپرے کا عمل جاری ہے تاکہ ایسے علاقوں میں جہاں ڈینگی کے مریض رپورٹ ہو رہے ہیں وہاں دیگر شہریوں کو ڈینگی سے بچایا جاسکے - ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ خان ڈوگر نے بتایا کہ اس نوعیت کے دیگر فلٹر کلینک بھی مختلف علاقوں میں قائم کئے جا رہے ہیں جس سے مقامی سطح پر بلاتاخیر ڈینگی مریضوں کی تشخیص ممکن ہو سکے گی اور اس اقدام سے بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کے رش میں کمی ہوگی - انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ راولپنڈی ضلع میں تمام سرکاری و متعلقہ نجی ادارے ڈینگی پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور عوام الناس کی آگاہی کے لئے مختلف نوعیت کی سرگرمیاں جاری ہیں جن میںہر طبقہ فکر کے افرادکو شامل کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی شرکت سے ڈینگی کی وباء پر جلد از جلد قابو پایا جاسکے -بعد ازاں کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ خان ڈوگر کے ہمراہ برف خانہ چوک ڈھوک سیداںمیں ڈسپنسری اور ڈھوک کھبہ اور ڈھوک مٹکال میں قائم میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور انسداد ڈینگی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا- انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے ڈینگی کی تشخیص اوردیگر طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا- کمشنر راولپنڈی ڈیوٹی پر معمور ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ لوگوں کی آگاہی کے لئے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور انسداد ڈینگی کی تشخیص اور طبی سہولیات کی فراہمی کوہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ڈینگی کی وباء پر قابو پایا جاسکے -

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں