پاکستان اورکوریا کے درمیان مضبوط سفارتی اورثقافتی تعلقات ہیں، زرتاج گل

دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات کومزیدمستحکم بنانے کے لیے کوششوں کوجاری رکھنا چاہیے،ثقافتی وفودکے تبادلوں اورلوگوں کے باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے کورین کلچرل فیسٹیول نہایت اہمیت کا حامل ہے،وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی کا راولپنڈی آرٹس کونسل میں خطاب

منگل 15 اکتوبر 2019 16:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستان اورکوریا کے درمیان مضبوط سفارتی اورثقافتی تعلقات ہیں۔یہ بات انھوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں کونسل کورین سفارت خانے کے زیراہتمام کورین کلچرل فیسٹیول کے موقع پربطورمہمان خصوصی کہی۔ کورین سفیرکواک سنگ کیو،ایگزیکٹوڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے، ناہیدمنظور،ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل غلام قادرتھیبو،ڈائریکٹرآپریشن ابرارعالم اورڈائریکٹرکورین پرفارمنگ آرٹس لی تائے جن،ڈائریکٹرآرٹس کونسل وقاراحمد اوردیگراس موقع پرموجودتھے۔

وفاقی وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ ثقافتی وفودکے تبادلوں اورلوگوں کے باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے کورین کلچرل فیسٹیول نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات کومزیدمستحکم بنانے کے لیے کوششوں کوجاری رکھنا چاہیے۔کورین سفیرکواک سنگ کیوکا کہنا تھا کہ وہ پُرامیدہیں کہ مستقبل میں ثقافتی وفودکے تبادلوں میں اضافہ ہوگا اورمزیدایسے فیسٹیول منعقدکیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ آج کا فیسٹول دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان مفاہمت کا باعث ہوگا۔ایگزیکٹوڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے کا کہنا تھا کہ کورین آرٹسٹوں کی شاندارپرفارمنس ہمیشہ یادرہے گی۔ڈائریکٹرکورین پرفارمنگ آرٹس لی تائے جن نے بھی خطاب کیا اورپرفارمنس کے بارے میں بات کی۔کورین کلچرل فیسٹیول میں جڑواں شہروں سے لوگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی جنہوں نے پرفارمنس کوسراہا۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں