ڈینگی کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب نے تمام درکار وسائل مہیا کر دئیے ہیں‘راجہ راشد حفیظ

ہمارے راستے میں ماضی میں ہونے والی خرابیوں سمیت بعض سیاسی لوگوں کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں

جمعہ 18 اکتوبر 2019 12:35

ڈینگی کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب نے تمام درکار وسائل مہیا کر دئیے ہیں‘راجہ راشد حفیظ
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم اور انسداد ڈینگی مہم کے فوکل پرسن راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب نے تمام درکار وسائل مہیا کر دئیے ہیں ․ یہ ایک قدرتی آفت ہے جس سے بچنے کیلئے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو خود بھی اپنے بچائو کی تدابیر اختیار کرنی لازم ہیں ․ ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر ڈینگی لاروے کی افزائش کو ختم کیا جا سکتا ہے ․ حکومت پنجاب وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت نئی شجر کاری کے ساتھ ساتھ موجودہ جنگلات کے تحفظ پر بے مثال کام کر رہی ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ اور گلوبل وارمنگ جیسے مسائل حل کرنے میں بہت مدد ملے گی جبکہ غیر رسمی بنیادی تعلیم اور تعلیم بالغاں کو فروغ دیکرشرح خواندگی میں اضافے اور لوگوں کے قلوب و اذہان کو بھی اچھی اور ماحول دوست صفات سے لیس کرنے کی کاوشیں ہو رہی ہیں ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اوکاڑہ میں لٹریسی سنٹر کے افتتاح، شجر کاری مہم کے تحت پودا لگانے اور پنجاب کے مختلف حصوں میں لٹریسی سنٹرز کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے سامنے بے شمار چیلنجز ہیں جن سے نمٹنے کیلئے ہم پورے عزم و حوصلے اور خلوص نیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں ․ ہمارے راستے میں ماضی میں ہونے والی خرابیوں سمیت بعض سیاسی لوگوں کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں مگر ہم ان سے گھبرانے والے نہیں ․ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب سے ڈینگی کی مکمل خاتمہ عوام کے سرگرم تعاون سے ہی ممکن ہے جس کیلئے حکومت کے ذمہ جو کام ہے وہ ہم سو فیصد پورا کر رہے ہیں ․ عوام الناس کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحول کی صفائی کو یقینی بنا کر ڈینگی کی افزائش کے عوامل کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ․ انہوں نے کہا کہ ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کو بھی کامیاب بنانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے -

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں