انسداد ڈینگی مہم کے مانیٹرنگ میکانزم کو پوری طرح فعال اور مستحکم رکھا جائے ،سیف اللهڈوگر

متعلقہ دائرہ کار میں ڈینگی کے ہاٹ سپاٹس وزٹس کو سو فیصد بنایا جائے اور زیرتعمیر عمارات کی چیکنگ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے ،ڈینگی لاروا ملنے پر اس کی فوری تلفی یقینی بنائی جائے،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی اجلاس میں ہدایات

اتوار 20 اکتوبر 2019 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ڈوگر نے انسداد ڈینگی مہم کی ڈسٹرکٹ ایمر جینسی ریسپانس کمیٹی (ڈرک ) کے جملہ معاون محکموں کے سربراہان کو احکامات جاری کئے ہیں کہ متعلقہ دائرہ کار میں ڈینگی کے ہاٹ سپاٹس وزٹس کو سو فیصد بنایا جائے اور زیرتعمیر عمارات کی چیکنگ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے - انہو ںنے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا ملنے پر اس کی فوری تلفی یقینی بنائی جائے - انہوں نے یہ احکامات مذکورہ کمیٹی کے ایوننگ ریویو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے - اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سمیت دیگر سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی - ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ڈوگر نے اس امر پر بطور خاص زور دیا کہ انسداد ڈینگی مہم کے مانیٹرنگ میکانزم کو پوری طرح فعال اور مستحکم رکھا جائے تاکہ ڈینگی کی وباء پر مکمل طور پر قابو پا کر آئندہ سیزن میں خطرات سے بچا جاسکے - انہو ںنے سرکاری محکموں کے سربراہان کو تاکید کی کہ متعلقہ دفاتر کے فوکل پرسنز کو اس امر کا پابند بنایا جائے کہ وہ روزانہ بنیاد پر دفاتر کے احاطہ جات میں کڑی نگرانی کے تحت صفائی کرائیں تاکہ کہیں بھی ڈینگی لاروا کی افزائش نہ ہونے پائے - علاوہ ازیں انہو ںنے ڈینگی کیس ریسپانس کی فوری تکمیل ,شکایات کے فوری ازالہ اور ایس او پیز کے مطابق دیگر ذمہ داریوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی - ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی مہم پر عمل درآمد کے معیار و رفتار اور ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمر جینسی ریپانس کمیٹی کو تاکید کی کہ انسداد ڈینگی کے لئے جاری کاروائیوں کو پورے جذبہ اور محنت و کاوش سے برقرار رکھا جائے تاکہ آئندہ سیزن میں کسی خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے -اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی کے تینوں بڑے سرکاری ہسپتالوں اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں 466مریض اس وقت داخل ہیں جن میں سے 335 ڈینگی کے کنفرم کیسز ہیں -بریفنگ میں مزیدبتایا گیا کہ گزشتہ 24گھنٹے میں 140 مریض داخل کئے گئے جبکہ علاج معالجہ کی تکمیل پر ہسپتالوں سے ڈسچارج کئے گئے مریضوں کی تعداد 185ہے -

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں