پاکستان ریلوے نے ایم ایل ون منصوبہ کا پی سی ون تیار کرلیا ہے،

مارچ تک منصوبہ پر باقاعدہ کام شروع ہوجائے گا، آٹا گھی چینی مہنگی ہونے کی ذمہ دار سابق حکومت ہے، لٹھ بردار جتھوں کو امن خراب نہیں کرنے دیاجائے گا، عوام کو مسلح لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، مسئلہ کشمیر سے مولانا فضل الرحمن کا کوئی واسطہ نہیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدکا ریلوے دستکاری سکول کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت

منگل 22 اکتوبر 2019 13:08

پاکستان ریلوے نے ایم ایل ون منصوبہ کا پی سی ون تیار کرلیا ہے،
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ پاکستان ریلوے نے ایم ایل ون منصوبہ کا پی سی ون تیار کرلیا ہے، مارچ تک منصوبہ پر باقاعدہ کام شروع ہوجائے گا، آٹا گھی چینی مہنگی ہونے کی ذمہ دار سابق حکومت ہے، لٹھ بردار جتھوں کو امن خراب نہیں کرنے دیاجائے گا، آگر کسی نے ایسا کیا تو قانون حرکت میں آئے گا، عوام کو مسلح لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، پاکستان کو اندر سے خطرہ ہے باہر سے نہیں، پاکستان کی سرحدوں پر فوجیں موجود ہیں، کلسٹر بم بھی استعمال ہورہے ہیں،ایٹم بم دیکھنے کیلئے نہیں استعمال کرنے کیلئے رکھا ہے، ضرورت پڑی تو استعمال بھی کریںگے، مولانا فضل الرحمن کا غبارہ پھٹنے جارہا ہے، مسئلہ کشمیر سے مولانا فضل الرحمن کا کوئی واسطہ نہیں، مودی پانی بند کرنے کا کہہ رہا ہے اس پر خاموش نہیں رہا جاسکتا، پہلے ہی کہا تھا مودی بہت خطرناک ذہن رکھتا ہے اور سلامتی کونسل کی مستقل ممبر شپ چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ریلوے دستکاری سکول راولپنڈی میں بیوٹیشن ،کوکنگ کلاسز کے اجراء اور پارک کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے منور شاہ سمیت ریلوے کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے وزیراعظم اور وزیر ٹرانسپورٹ کو ایم ایل ون منصوبہ کی افتتاحی تقریب کیلئے مدعو کیا جائے گا، 138 مسافر ٹرینیں اور 16 مال گاڑیاں چلانے کے باوجود 17 لاکھ گیلن تیل بچایا گیا ہے۔

وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ 2010ء میں پاکستان ریلوے کے سات ہزار ملازمین کو 50 فیصد الائونس کم دیا جارہا ہے، پاکستان ریلوے نے موجودہ حکومت کے دور میں ریونیو کی مد میں 600 ملین اضافی حاصل کئے تھے جن کو استعمال کرتے ہوئے ریلوے پولیس کے ملازمین کی تنخواہیں سول آرمڈ فورسز، موٹروے پولیس اور نیشنل ہائی پولیس کے مساوی کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 138 مسافر ٹرینیں اور 16 مال گاڑیاں چل رہی ہیں، ریلوے کے 80 لاکھ اضافی مسافرہوگئے، اب ہمارے پاس مزید انجن اور کوچز نہیں ہیں اس لئے پاکستان ریلوے نے پہلی مرتبہ فری ٹریک پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے تحت پرائیویٹ سیکٹر اپنے انجن اور کوچز کے ذریعے تجارت، آئل، ڈیزل اور دیگر خام مال منگواسکیں گے، پاکستان ریلوے کو صرف ٹریک کا کرایہ ادا کرنا ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ میڈیا نے مولانا فضل الرحمن کے غبارے میں استطاعت سے زیادہ ہوا بھر دی ہے، اگر مولانا کو فیس سونگ دینی پڑے تو دے دینی چاہیے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ ریلوے کراسنگز پرسارے پھاٹک ختم ہو جائیںگے، ریلوے سگنل نئے ہونگے اور نیا ٹریک بچھایا جائے گا، لاہور راولپنڈی کا سفر اڑھائی گھنٹے کا رہ جائے گا۔

مال بردار ٹرینوں کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 5 مال گاڑیاں پرائیویٹ سیکٹر کو دی گئی ہیں، ان مال گاڑیوں سے 80 سے 85 ہزار وصول ہوتا تھا، ہم نے شفاف طریقہ سے ٹینڈر کیا جس میں فی ٹرین ایک لاکھ 60 ہزار میں ٹھیکہ پر دی گئی ہے، پاکستان ریلوے کی اس نئی پالیسی سے کرپشن کا خاتمہ ہوسکے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے ایم ایل ون منصوبہ کا پی سی ون تیار کر لیا ہے جو وزارت منصوبہ بندی و ترقی کو بھجوایا جائے گا، یہاں سے منظوری کے بعد معاملہ ایکنک لے کرجائیں گے، مارچ تک اس منصوبہ پر باقاعدہ کام شروع ہو جائے گا، منصوبہ پر 9 بلین ڈالر لاگت آئے گی، منصوبہ کے تحت 1800 کلومیٹر ٹریک بچھایا جائے گا اور اس ٹریک پر ٹرینوں کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ کی تکمیل کے بعد ایک لاکھ جوانوں کو نوکریاں فراہم کی جائیں گی، اس کیلئے نئی درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی بلکہ گذشتہ آسامیوں کیلئے اپلائی کرنے والی10 لاکھ امیدواروں میں سے ایک لاکھ امیدواروں کا قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں ٹی ایل اے ملازمین کو یکم نومبر سے مستقل کرنا تھا لیکن عدالت کی جانب سے حکم امتناعی آنے کے بعد یہ عمل رک گیا ہے، اب یکم نومبر سے ٹی ایل اے ملازمین مستقل نہیں ہوسکیں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے ریلوے دستکاری سکول راولپنڈی کے لیے ایک لاکھ روپے کی امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں