کھیل کے میدان نوجوانوں کی توجہ مثبت سرگرمیوں کی طرف مبذول کرواتے ہیں، کرنل سعادت اللہ

جمعہ 22 نومبر 2019 16:05

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) ڈپٹی ڈائریکٹرفیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کینٹ گیریژن چکلالہ ریجن کرنل سعادت اللہ نے کہا ہے کہ کھیل کے میدان آباد کرنے والی قومیں زندگی کے ہر شعبے میں ترقی اور عروج پاتی ہیں کیونکہ یہ کھیل کے میدان ہی ہیں جو نوجوانوں کی توجہ مثبت سرگرمیوں کی طرف مبذول کروا کے ان کی صلاحیتوں کو نکھارتی اور پروان چڑھاتی ہیں،صحت مند دماغ کیلئے صحت مند جسم ضروری ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے انٹرسکولزسپورٹس ٹورنامنٹ 2019ء کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپورٹس سیکرٹری پرنسپل فرخندہ اسد،چکلالہ ریجن کے پرنسپلز،اساتذہ،پی ٹی آئی اورطلباء وطالبات بھی موجودتھے۔ایف جی ای آئی (سی/جی)چکلالہ ریجن کے زیراہتمام انٹرسکولزسپورٹس ٹورنامنٹ برائے سال 2019ء کااختتام ہوگیا۔

(جاری ہے)

انٹرسکولزسپورٹس ٹورنامنٹ کے دوران طالبات نصابی، ہم نصابی اور غیرنصابی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

انٹرسکولزسپورٹس ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب ایف جی پبلک سکول گرلزطارق آباد راولپنڈی میں ہوئی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف جی ای آئی چکلالہ ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹرکرنل سعادت اللہ نے کہا کہ چکلالہ ریجن نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کی ترویج کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہاہے اور طلباء وطالبات کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے مساوی مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف جی ای آئی (سی/جی) عظیم الشان منصوبے مکمل کر رہی ہے جو نہ صرف علاقائی سطح پر کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ بنیں گے بلکہ ہمارا جوہرِ قابل گلی کوچوں اور دوردراز مقامات سے ابھر کر قومی سطح پر نام پیدا کرے گا اور بالآخر کھیل کے بین الاقوامی میدانوں میں پاکستان کا پرچم سر بلند کرے گا۔انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ کھیلوں کے میدان آباد کرکے ملک سے جہالت اور تنگ نظری جیسی برائیوں کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور صحت مند انہ سرگرمیوں کو فروغ دے کر وطنِ عزیز کی ترقی اور نیک نامی کا راستہ ہموار کریں۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن ڈائریکٹوریٹ طلباء اورطالبات کی تعلیم وتربیت کے فروغ اورذہنی،فزیکل فٹنس کے لئے ہرسال نصابی،ہم نصابی اورغیرنصابی سرگرمیوں کاانعقادکراتاہے۔انٹرسکولزٹورنامنٹ برائے طلباء و طالبات اسی سپورٹس گالاکاحصہ ہے۔انٹرسکولزسپورٹس ویک کے دوران نصابی، ہم نصابی اور غیرنصابی سرگرمیوں کاانعقادکیاجائے گا۔

انٹرسکولزسپورٹس ویک کے دوران سپورٹس میں ہاکی،کرکٹ،باسکٹ بال،فٹبال،ٹیبل ٹینس،والی بال اورنیٹ بال جبکہ اتھلیٹکس میں لانگ جمپ،ہائی جمپ، سومیٹر،دو سومیٹر،چار سومیٹر،آٹھ سومیٹراور ریلے ریس کے ایو ینٹس ہوئے۔ ہم نصابی سرگرمیوں میں قرات،نعت،اردوانگریزی مضمون نگاری،اردوانگریزی کہانی نگاری،مقابلہ مصوری، ملی نغمہ اورتقریری مقابلے ہوئے۔سپورٹس ویک میں چکلالہ ریجن کے 500سے زائدطلباء وطالبات شریک تھے۔ جہاں سے کامیاب ہونے والے ادارے،طلباء وطالبات ڈائریکٹوریٹ کی سطح پرمنعقد ہونے والے انٹرریجنل ایونٹس میں حصہ لیں گی. آخر میں مہمان خصوصی نے کامیاب ہونے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں