ریجنل الیکشن کمیشن راولپنڈی نے 800سے زائد ڈسپلے سنٹرز قائم کردیئے

ْشہری حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے اپنے ووٹ کا اندراج یقینی بنائیں ،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر

اتوار 8 دسمبر 2019 16:05

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2019ء) ریجنل الیکشن کمیشن راولپنڈی نے 800سے زائد ڈسپلے سنٹرز قائم کردیئے جنھیں رواں ماہ میں فعال کردیاجائے گا ۔ریجنل الیکشن کمشنر راولپنڈی نذر عباس نے کہاہے کہ ووٹ ایک قومی امانت ہے،ہر پاکستانی ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے ووٹ کا اندراج یقینی بنائے،اسی قومی امانت کے درست استعمال کی بدولت قوم اپنے نمائندوں کا درست انتخاب کرتی ہے ۔

انہوںنے قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن راولپنڈی نے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگہی مہم بھی شروع کردی ہے تاکہ قومی امانت کی اہمیت و افادیت کو ہر شہری تک پہنچایا جاسکے ۔ریجنل الیکشن کمشنر راولپنڈی نذر عباس نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول کے اجراء کے بعد راولپنڈی ،چکوال ،اٹک اور جہلم میں رواں ماہ کے دوران مجموعی طور پر809 ڈسپلے سنٹرز پر ووٹرز فہرستیں آویزاں کر دی جائینگی،خواتین ،خواجہ سراء و دیگر شہری ڈسپلے سنٹرز پر آکر باآسانی اپنے ووٹ کے درست اندراج کی جانچ پڑتال کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ریجنل الیکشن کمشنر راولپنڈی نذر عباس نے کہا کہ خاص طور پر خواتین ووٹرزکو قومی دھارے میں لانے کیلئے آگاہی کی کوششیں تیز کی جائینگی تاکہ وہ اپنا حق رائے دہی کا بھرپور طریقے سے استعمال کر کے ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر یں ،انہوں نے کہا کہ جو شہری شناختی کارڈ پر درج پتے کے مطابق اپنے ووٹ کا تاحال اندراج نہیں کراسکے وہ ضلعی الیکشن کمیشن کے ڈسپلے سنٹرز پر اپنا ووٹ درج کرائیں ،انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں 284،چکوال میں 226،اٹک میں 134اور جہلم میں 165ڈسپلے سنٹرز پر ووٹرز لسٹیں آویزاں کی جائینگی ۔

دریں اثناء ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی IIملک سلیم اختر خان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آمدہ بلدیاتی الیکشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے اپنے ووٹ کا اندراج یقینی بنائیں ، ووٹ کی طاقت سے ہی پاکستانی شہری اہل اور بہترین نمائندوں کا انتخاب کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حق رائے دہی کا استعمال ایک اہم قومی فریضہ ہے جس کی ادائیگی کیلئے ہر شہری اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ووٹ درج کروائے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں