حکومت کی بھرپور کوشش ہے قائداعظم کے اقلیتوں بارے بیان کئے گئے حقوق پر عمل کیا جائے ،غلام سرور خان

قائداعظم کے تصور کو حقیقت کاروپ دینا ہوگا، ملک کو دنیا میں اس کا اصل مقام دلوانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں گے،وفاقی وزیر ہوا بازی

بدھ 25 دسمبر 2019 17:53

حکومت کی بھرپور کوشش ہے قائداعظم کے اقلیتوں بارے بیان کئے گئے حقوق پر عمل کیا جائے ،غلام سرور خان
ٹیکسلا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2019ء) ہماری حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ قائداعظم نے اقلیتوں کے جو حقوق بیان کئے ان پر عمل کیا جائے ۔یہ بیان وفاقی وزیر برائے ہوا بازی، غلام سرور خان کی ٹیکسلا کرسچن ہسپتال میں کرسمس کے موقع پر خطاب کے دوران دیا۔وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر تمام مسیحی برادری کو مبارکباد دیتا ہوں، ہم آپ کی خوشیوں میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن بہت اہمیت کا حامل ہے،بحیثیت پاکستانی بھی ایک بڑا دن ہے،دنیا کے تمام مذاہب امن اور صبر کا سبق دیتے ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حضرت عیسی نے بھی پیار اور امن کا درس دیا،مسیحی برادری نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کی۔غلام سرور خان نے کہا کہ ٹیکسلا کرسچن ہسپتال بھی بلا تفریق دکھی انسانیت کی خدمت کرتا آیا ہے،آج قائداعظم کی بھی یوم پیدائش ہے ،قائد اعظم نے بھی اقلیتوں کے حقوق پر زور دیا تھا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی نے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان میں بھی کرسمس کا تہوار عقیدت اور احترام سے منایا جا تا ہے۔کرسمس ہر کسی کو امن اور خوشیوں کا پیغام دیتا ہے۔تمام عیسائی براداران کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں۔یوم ولادت حضرت عیسی صبر، برداشت، نیکی اور خیر خواہی کی آسمانی تعلیمات کی یاد دلاتاہے۔غلام سرور خان نے مزید کہا پاکستان کی مسیحی برادری نے وطن عزیز کی ترقی، استحکام اور خاص طور پر طبی اور تعلیمی شعبوں میں خدمات انجام دی ہیں۔

پاکستانی قوم اور حکومت دل سے ان کی قدر کرتی ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت بھی آج ہے ۔ہمیں قائداعظم کے تصور کو حقیقت کاروپ دینا ہوگا، ملک کو دنیا میں اس کا اصل مقام دلوانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں