کورونا وائرس کے خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے حکومت پوری طرح مستعد اور فعال ہے، تمام ایئرپورٹس پر کورونا پڑتال کاؤنٹر بنا دیئے گئے ہیں، امریکہ افغان امن معاہدہ پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے،وفاقی وزیر غلام سرور خان

ہفتہ 29 فروری 2020 18:00

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2020ء) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے حکومت پوری طرح مستعد اور فعال ہے، تمام ایئرپورٹس پر کورونا پڑتال کاؤنٹر بنا دیئے گئے ہیں، امریکہ افغان امن معاہدہ پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اس وقت کئی ممالک کورونا وائرس کا شکار ہیں اور ہم نے ہمت اور جرات کے ساتھ اس کا مقابلہ کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر کورونا پڑتال کاؤنٹر بنا دیئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے شہری خوف و ہراس کا شکار نہ ہوں، کورونا وائرس کے خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے حکومت پوری طرح مستعد اور فعال ہے، وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ امریکہ افغان امن معاہدہ پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے جس کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے، یہ معاہدہ دنیا کے امن کیلئے بڑا قدم ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہترین خارجہ پالیسی کی بدولت پاکستان سفارتی محاذ پر چھا گیا ہے، پہلے پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگایا جاتا تھا مگر اب ثابت ہو گیا کہ پاکستان نے دنیا میں دہشتگردی ختم کرنے میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور پہلی بار امریکی صدر نے بھارت میں کھڑے ہوکر پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کی ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں