راجہ راشد حفیظ نے چیف منسٹرفنڈ برائے کورونا میں ایک ملین روپے کا چیک دیدیا

موجودہ کڑے وقت میں متاثرہ لوگوں کی خدمت کا یہ جذبہ انتہائی لائق تحسین اور قابل ستائش ہے،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

جمعرات 9 اپریل 2020 00:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2020ء) کورونا کنٹرول ومانیٹرنگ پروگرام راولپنڈی ڈویژن کے انچار ج پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرکے انہیں ’’چیف منسٹر فنڈبرائے کورونا کنٹرول ‘‘ کیلئے اپنی جانب سے ایک ملین روپے فنڈ کا چیک پیش کیا اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزمائش کے اس کڑے وقت میں متاثرہ لوگوں کی خدمت کا یہ جذبہ انتہائی لائق تحسین اور قابل ستائش ہے وزیر اعلی نے کہا کہ اس فنڈ میں جمع ہونے والی رقم سمیت حکومت کی جانب سے دی جانے والی امداد کی ایک ایک پائی پوری ایمانداری کے ساتھ مستحقین کو دی جائے گی اور اس عمل میں کوئی سیاسی یا گروہی وابستگی نہیں دیکھی جائے گی انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں اہل ثروت اپنے مجبور اور محروم ہم وطن بھائیوں کی دل کھول کر امداد کرتے ہیں ہمارے عوام کا یہ جذبہ انتہائی قابل تعریف ہے ․ وزیر اعلی نے کہا کہ قوم جس آزمائش کی گھڑی سے گزر رہی ہے اس کا تقاضا ہے کہ ہم سب سیاست اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے انسانی خدمت اور قومی تعمیر کے جذبے سے لوگوں کی خدمت کریں ہم سب یکجا ہو کر کورونا کا مقابلہ کر رہے ہیں اور انشاء اللہ قومی یک جہتی کے ساتھ کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہونگے اس موقع پر راشد حفیظ نے وزیر اعلی پنجاب کو بتایا کہ انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں یونین کونسل کی سطح پر مستحق خاندانوں کو راشن دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے انہوں نے وزیر اعلی پنجاب کو راولپنڈی میں کورونا کنٹرول کے حوالے سے تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ انہوں نے آر آئی یو راولپنڈی میں قائم قرنطینہ سنٹر میں داخل مریضوں سے خود ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کرکے ان کی خیریت اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں دریافت کیاجس پر تمام مریضوں اور ہسپتال سٹاف کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا گیا اس مرکز میں داخل تمام 45 مریض روبہ صحت ہیں اور مجموعی طور پر صورتحال کنٹرول میں ہے وزیر اعلی پنجاب نے صوبائی وزیر کی کورونا کنٹرول کے سلسلے میں کاوشوں کو سراہا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اسی محنت اور تندہی کے ساتھ کام جاری رکھیں

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں