پنجاب میں ٹڈی دل کے خلاف موثر کاروائیاں جاری ہیں، جامع حکمت عملی کے تحت 2019 سے ہی پنجاب حکومت، پی ڈی ایم اے، محکمہ زراعت سمیت متعلقہ ادارے ٹڈی دل سے بچاؤ پر کام کر رہے ہیں

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا شہباز شریف کی جانب سے ٹڈی دل مخالف حکومتی کاروائیوں پر تنقید پر ردعمل

ہفتہ 30 مئی 2020 23:42

پنجاب میں ٹڈی دل کے خلاف موثر کاروائیاں جاری ہیں، جامع حکمت عملی کے تحت 2019 سے ہی پنجاب حکومت، پی ڈی ایم اے، محکمہ زراعت سمیت متعلقہ ادارے ٹڈی دل سے بچاؤ پر کام کر رہے ہیں
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2020ء) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات پر پنجاب میں ٹڈی دل کے خلاف موثر کاروائیاں جاری ہیں، جامع حکمت عملی کے تحت 2019 سے ہی پنجاب حکومت، پی ڈی ایم اے، محکمہ زراعت سمیت متعلقہ ادارے ٹڈی دل سے بچاؤ پر کام کر رہے ہیں، انہوں نے شہباز شریف کی جانب سے ٹڈی دل مخالف حکومتی کاروائیوں پر تنقید پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں فصلوں پر ٹڈی دل کے اثرات تخمینہ شدہ نقصانات کے ایک فیصد سے بھی کم ہیں، گندم اور چنے کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ پنجاب حکومت کے بروقت حفاظتی اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہے، فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں فصلوں کی دوبارہ کاشت سے نقصان میں کافی حد تک کمی لائی جا چکی ہے، ٹڈی دل صرف قیام کی صورت میں زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے جس کے لئے حکومت کی طرف سے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ٹڈی دل کے قیام کے علاقوں میں بروقت ادویات کے استعمال کے ذریعے نقصانات کو حد سے بڑھنے نہیں دیا اور8 لاکھ ستر ہزار سے زائد رقبہ پر طاقتور سپرے کے ذریعے ٹڈی دل کو شکست دی جاچکی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ٹڈی دل پر کنٹرول کے لئے ایک ارب روپے اور وفاق کی جانب سے 6 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اورمتاثرہ علاقوں میں فصلوں اور کسانوں کی بحالی کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کورونا کے سبب درآمدات میں مشکلات کے سبب پی ڈی ایم اے مقامی سطح پر ادویات اور مشینری کی تیاری کو یقینی بنا رہا ہے اور لوکسٹ کنٹرول کے لئے کروڑوں روپے مالیت کی مائیکرون مشینیں مقامی سطح پر تیار کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ مشینری اور ادویات میں خود کفالت سے معیشت کو سہارا اور غریب کسان کو فوری ریلیف ممکن ہو سکے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں