وزیراعظم کے ویژن اور وزیر اعلٰی کی قیادت میں عوامی فلاح اور علاقائی مسائل کے فوری حل کے لیے کام جاری ہے، فیاض الحسن چوہان

جمعرات 29 اکتوبر 2020 23:02

وزیراعظم  کے ویژن اور وزیر اعلٰی کی قیادت میں عوامی فلاح اور علاقائی مسائل کے فوری حل کے لیے کام جاری ہے، فیاض الحسن چوہان
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2020ء) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں عوامی فلاح اور علاقائی مسائل کے فوری حل کے لیے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں غیر متوازن پالیسیوں اور فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم سے دیہی اور چھوٹے علاقوں سے بڑے شہروں پر اربنائزیشن کے باعث بوجھ بڑا۔

سردار عثمان بزدار کی قیادت میں چھوٹے سے درمیانے درجے کے شہروں کو ترقی یافتہ شہروں کی فہرست میں لا کر پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جائے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بزدار حکومت نے پنجاب لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت اربوں روپے کے منصوبہ جات پر کام کی رفتار تیز کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں مالی سال 2020-21 کے لیے پنجاب کی 9 ڈویژنوں کو 36 اربوں روپے سے زائد کے منجمند فنڈز کا اجراء کر دیا گیا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 41 ارب کی لاگت سے شروع کیا جانے والا پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز ایمپرووومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام اس ضمن میں قابل ذکر ہے۔ اس پروگرام کے تحت منتخب شہروں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واٹر سپلائی، لوکل گورنمنٹ اکیڈمیز، گندے پانی کی صفائی اور سمارٹ سٹیز انفراسٹرکچر پر کام کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں سیالکوٹ اور ساہیوال، جبکہ دوسرے مرحلے میں سرگودھا، بہاولپور، رحیم یار خان، مظفر گڑھ، ملتان اور راولپنڈی میں اس منصوبے کا نفاذ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 16 دیگر شہروں کی مقامی حکومتوں میں بہتری کے لیے 36 ارب کی لاگت سے پنجاب سٹیز پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ جون 2021 تک مکمل ہونے والے اس پروگرام سے ان شہروں میں پبلک پارکس، سٹریٹ لائٹس، سڑکوں اور انتظامی امور میں بہتری لائی جائے گی۔ مزید برآں اس پروگرام کے تحت منتخب شہروں میں ای گورننس کے ذریعے انتظامی کارکردگی میں اضافہ بھی بزدار حکومت کے منصوبے کا حصہ ہے۔

عوامی فلاح کے ایک اور منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 40 ارب کی خطیر رقم سے رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن منصوبہ بھی بزدار حکومت کی جانب سے اہم اعلان ہے جس کے تحت پنجاب کے 1310 دیہات میں بجلی اور شمسی توانائی سے صاف پانی کے منصوبے، سیوریج سسٹم، شجر کاری اور واٹر ٹریٹمنٹ پر کام کیا جائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں