لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ‘ایک شہید

33سالہ شہری انصر تین بیٹیوں کا باپ تھا جسے چلتی موٹرسائیکل پر نشانہ بنایا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 25 نومبر 2020 22:21

لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ‘ایک شہید
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 نومبر ۔2020ء) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے باگسر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے جس سے 33 سالہ شہری انصر شہید ہو گیا ہے. پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید ہونے والا شہری تین بیٹیوں کا باپ تھا جسے بھارتی فوج نے چلتی موٹرسائیکل پر نشانہ بنایا یاد رہے کہ دو روز قبل بھی بھارتی فوج نے ایل او سی کے جگجوٹ گاﺅں میں شادی کی تقریب کو ہیوی مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا تھا جس سے11 افراد زخمی ہو گئے تھے.

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھوئی رٹہ سیکٹر پر فائرنگ کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 خواتین اور 4 بچوں سمیت 11 شہری زخمی ہو گئے تھے. آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ رویہ بھارتی فوج کا غیرپیشہ ورانہ طرزعمل ظاہر کرتا ہے انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کا یہ عمل انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہےں.

یاد رہے کہ نومبر کے پہلے ہفتے میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس سے پاک فوج کا ایک جوان اور چار شہری شہید ہو گئے ہیں جبکہ پانچ جوانوں سمیت 17 افراد زخمی ہوئے ہیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا تھا کہ کپواڑہ میں بھارتی فوج اورمجاہدین کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس میں چار بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے.

آئی ایس پی آر کے مطابق 7 نومبر کو ہونے والی جھڑپ مقبوضہ کشمیر کے علاقے کپواڑہ میں ہوئی تھی جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کو اپنی عوام کے سامنے شرمندگی اٹھانا پڑی تھی آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی فوج نے 13 نومبرکو بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی تھی جس کے دوران توپ خانے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا. آئی ایس پی آر کے مطابق بلا اشتعال کی جانے والی فائرنگ کے ٹارگٹ ایریاز میں لائن آف کنٹرول کے متعدد سیکٹرز شامل ہیں بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں چار شہری شہید ہوئے ہیں جب کہ 12 زخمی ہیں.

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں