پی ڈی ایم کو مشورہ دیا کہ اب ٹیکنالوجی کا دور ہے لہذا یہ کورونا میں شدت کے دوران جلسوں کی بجائے ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے ذریعے اپنی خواہشات اور انا کی تسکین کےلئے حکمت عملی تبدیل کریں، فردوس عاشق اعوان

ہفتہ 28 نومبر 2020 21:38

پی ڈی ایم کو مشورہ دیا کہ اب ٹیکنالوجی کا دور ہے لہذا یہ کورونا میں شدت کے دوران جلسوں کی بجائے ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے ذریعے اپنی خواہشات اور انا کی تسکین کےلئے حکمت عملی تبدیل کریں، فردوس عاشق اعوان
راولپنڈی۔28نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28نومبر2020ء) :وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ملک میں جاری کورونا وبا کی نئی لہر کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے پی ڈی ایم کو مشورہ دیا کہ اب ٹیکنالوجی کا دور ہے لہذا یہ کورونا میں شدت کے دوران جلسوں کی بجائے ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے ذریعے اپنی خواہشات اور انا کی تسکین کےلئے حکمت عملی تبدیل کریں، کورونا میں نرمی آنے کے بعد گھوڑا بھی حاضر ہے، اداروں سے کھلواڑ کرنے والے اپنا سیاسی نشہ ضرور پورا کریں لیکن اس وقت دو بچے ابو بچائوتحریک کی آڑ میں قوم کے بچوں کو ایندھن بنانا چاہتے ہیں، اولیا کی سرزمین ملتان میں دنگا فساد سے جڑی تحریک شرپسندوں کی جانب سے قانون کے منہ پر طمانچہ ہے، قانون کے پاس انہیں روکنے کےلئے طاقت بھی ہے اور آئینی و قانونی تحفظ بھی ہے، اب کارروائی کمزور کی بجائے طاقتور کے خلاف ہو گی معصوم لوگوں کو اس آگ میں جھونکنے سے بچانے کےلئے پس پردہ سہولت کاروں اور بیرونی آلہ کاروں کو بے نقاب کریں گے، ملتان میں بدامنی اور شرانگیزی پھیلانے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز تابندہ سلیم بھی موجود تھیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر کی طرح پاکستان میں کورونا وائرس نے جس طرح پنجے گاڑھ رکھے ہیں ابتدائی معلومات کے مطابق یہ دوسری لہر سابقہ لہر سے کہیں زیادہ تیز ہے ان حالات میں ایک طرف حکومت اپنی رٹ، آئین و قانون اور عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کی پابند ہے دوسری طرف پی ڈی ایم نہ صرف عدالتی احکامات کا جنازہ نکال رہی ہے بلکہ پی ڈی ایم کی قیادت میں شامل بعض نادان دوست اپنے اوپر قائم مقدمات سے جان چھڑانے کے لئے قانون ہاتھ میں لے کر معصوم اور نہتے عوام کو پھنسانا چاہتے ہیں، اولیا کی سر زمین ملتان میں دنگا فساد سے جڑی تحریک شرپسندوں کی جانب سے قانون کے منہ پر طمانچہ ہے، عقل کے اندھوں کو یہ بات سمجھ نہیں آرہی کہ قانون کے پاس ان ہاتھوں کو روکنے کے لئے طاقت بھی ہے اور آئینی و قانونی تحفظ بھی ہے حکومت اپنی انا کی تسکین اور ذاتی مفادات کے لئے معصوم لوگوں کو اس آگ میں جھونکنے سے بچانے کے لئے پس پردہ سہولت کاروں اور بیرونی آلہ کاروں کو بے نقاب کرے گی اور جس جس نے ملتان میں بدامنی اور شرانگیزی پھیلانے کی کوشش کی ان کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا لیکن اب قانون عام شہریوں کی بجائے طاقتور سے قانون کو آزاد کرانے اور طاقتور کو قانون کے تابع لانے کے لئے حرکت میں آئے گا ماضی میں قانون کی جرات نہیں ہوتی تھی کہ وہ ایسے شرپسند عناصر کا محاسبہ کرے انتہائی افسوسناک امر ہے کہ ن لیگ نے ایسے دن جب ان کی ماں کا جنازہ گھر پڑا ہے اور صف مرگ بچھی ہے ،انہوں نے ملتان میں نفرت کی آگ کوبھڑکایا اور فساد کو فروغ دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دو بچے ابو بچا تحریک کی آڑ میں قوم کے بچوں کو ایندھن بنانا چاہتے ہیں وہ بضد ہیں کہ اگر ہمارے ابو اقتدار میں ہوں تو اس قوم کے بچوں کو جینے کا حق ہے جو اپنے گھروں میں منعقدہ تقریبات میں آنے والوں کے لئے کورونا کا ٹیسٹ لازمی قرار دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جس پرانی گاڑی کو بلاول اور مریم دھکا لگا رہے ہیں اس کا ڈیزل پرانا اور گیئر باکس کرپشن زدہ ہونے کی وجہ سے یہ گاڑی اب نہیں چل سکتی اور پشاور والوں نے یہ ثابت بھی کر دکھایا انہوں نے پی ڈی ایم کو مشورہ دیا کہ اب ٹیکنالوجی کا دور ہے لہذایہ کورونا میں شدت کے دوران جلسوں کی بجائے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور گھروں میں بیٹھ کر عوام تک اپنا پیغام پہنچائیں انہوں نے کہا کہ اداروں سے کھلواڑ کرنے والے اپنا سیاسی نشہ ضرور پورا کریں لیکن ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے ذریعے اپنی خواہشات اور انا کی تسکین کے لئے حکمت عملی تبدیل کریں کورونا میں نرمی آنے کے بعد گھوڑا بھی حاضر ہے اور میدان بھی حاضر ہے اپوزیش بھلے حکومت کو گالیاں دے برا بھلا کہے یا کوئی بھی تھریک چلائے لیکن یہ جان لیں کہ جلسوں سے کبھی حکومتیں نہیں گرائی جا سکتیں لہذا یہ کسی اور کا کھیل کھیلنے سے باز رہیں ملک کے جمہوری وقومی اداروں نے پاکستان کے قومی مفاد،قومی سلامتی اور تشخص و وقار کی ذمہ داری اٹھا رکھی ہے اپوزیشن رہنما وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے صبر و تحمل اور جذبہ خیر سگالی کو ہماری کمزوری نہ سمجھیں وزیر اعلی اپوزیشن کے جمہوری حق کو تسلیم کرتے ہیں لیکن نہتے عوام کو کورونا سے بچانا بھی ہماری ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ ملتان میں آج جو کھیل کھیلا گیاسٹیڈیم کے تالے توڑے گئے اور تشدد کی راہ اپنائی گئی ہم اس کے تانوں بانوں سے بخوبی آگاہ ہیں جن لوگوں کو توڑ پھوڑ اور جلا گھیرا کے لئے استعمال کیا گیاان کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا ریاست کی رٹ کو قائم رکھتے ہوئے ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی شرح ملتان ریجن میں سب سے زیادہ ہے اور پنجاب میں آج بھی 25اموات ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے پنجاب حکومت عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی اس وقت ہر مہذب اور ذی شعور شہری کا فرض ہے کہ وہ احتجاج اور جلسے جلوسوں کی سیاست کی حوصلہ شکنی کرے حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے قانون توڑنے والوں کے ہاتھ توڑ دے گی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت قانونی پہلوں کا جائزہ لے کر عدالتی فیصلے نہ ماننے والوں کے خلاف توہی عدالت کی کاروائی کے لئے عدالت سے رجوع کرے گی عدالتوں کے فیصلے نہ مان کر اب یہ قانون، آئین اور عدالتوں کے بعد عوام سے ٹکر لینا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ بیماری کا بہانہ بنا کر لندن بھاگنے والے نواز شریف ہر جگہ گھوم رہے ہیں لیکن ہسپتال ایک دفعہ بھی نہیں گئے ہماری رویات کے مطابق ماں کی عزت و توقیر سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں روایات کے مطابق ہمیشہ بڑا بیٹا ہی ماں کو قبر میں اتارتا ہے لہذا نواز شریف بھی جرات و ہمت کا مظاہرہ کریں اور واپس آکر والدہ کی تدفین میں شامل ہوں انہوں نے کہا کہ ان کرپٹ عناصرنے 35سال تک دوتہائی اکثریت کے ساتھ پاکستان پر حکومتیں کیں لیکن برطانیہ کے ساتھ مجرموں کے تبادلے کا معاہدہ صرف اس لئے نہیں ہونے دیا کیونکہ یہ لوٹی ہوئی دولت وہاں جمع کرتے تھے اور نہیں پتہ تھا کہ کل وہاں پناہ لینی ہے صداقت عباسی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت خالصتا ایک جمہوری حکومت ہے لیکن جمہوریت کا راگ الاپنے والے یہ جان لیں کہ این سی او سی اور سپریم کورٹ نے کورونا کے حوالے سے جو فیصلے کئے ہیں ان کے مطابق یہ کورونا کی خطرناک لہر ہے جس میں اموات کی شرح انتہائی تیز ہے لیکن ایک طرف نواز شریف ملک سے باہر اور بلاول بھٹو گھر کے اندر بیٹھ کر عوام میں وائرس پھیلانا چاہتے ہیں لیکن تحریک انصاف بطورجماعت بھی ہر میدان میں ان کا مقابلہ کرے گی انہوں نے وفاق اور پنجاب کی حکومت کی جانب سے اپوزیشن قیادت کو خبردار کیا کہ جو عوام کو سڑکوں پر نکلنے کے لئے اکسا رہے ہیں وہ یہ جان لیں کہ ریاست عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائے گی گلگت انتخابات میں شکست کے بعد اپوزیشن کو آرام آجانا چاہئے لیکن اگر اپوزیشن قیادت باز نہ آئی تو کورونا وبا کے قانون کے تحت انکے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ اپوزیشن فی الفور جلسوں کی کال واپس لے انفیکشن پھیلنے سے حکومت کو مزید پابندیاں اور لاک ڈان لگاناپڑے گا اور ملک اس وقت معاشی طور پر مکمل لاک ڈان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔



راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں