پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش لال کا موٹروے پر انوکھا احتجاج

رمیش لال نے مشتعل ہو کر گاڑی سڑک کے درمیان کھڑی کر دی، موٹروے پر ٹریفک بلاک

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 30 نومبر 2020 15:40

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش لال کا موٹروے پر انوکھا احتجاج
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2020ء) : پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش لال کو موٹروے پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روکا تو انہوں نے مشتعل ہو کر اپنی گاڑی سڑک کے درمیان کھڑی کر دی جس سے موٹروے پر ٹریفک کی روانی رُک گئی اور گاڑیوں کا رش لگ گیا۔ تفصیلات کے مطابق رکن اسمبلی رمیش لال جڑانولہ براستہ لاہور موٹر وے لاڑکانہ جا رہے تھے ۔

رمیش لال بی ای ڈبلیو 720 نمبر پلیٹ والی گاڑی میں سوار تھے، موٹر وے پر ایم 3 جڑانوالہ کے مقام پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش لال نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی تھی جس پر موٹر وے پولیس نے انہیں روک لیا۔ذرائع کے مطابق موٹر وے پولیس نے رمیش لال کی کار کو لین وائلیشن پر روکا تھا، لیکن ٹریفک پولیس کی جانب سے روکے جانے پر رمیش لال مشتعل ہو گئے اور اپنی گاڑی سڑک کے درمیان کھڑی کر کے ٹریفک روک دی اور اپنا انوکھا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کی جانب سے موٹر وے بلاک کرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں موٹر وے پولیس اہل کار کو دیگر گاڑیوں کو بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اہل کاروں نے جانوں پر کھیل کر دوسری گاڑیوں کو کسی حادثے سے بچایا۔ رمیش لال بی ای ڈبلیو 720 نمبر پلیٹ والی گاڑی میں سوار تھے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس تمام تر صورت حال میں موٹر وے پولیس نے کوئی بد اخلاقی نہیں کی اور پیشہ ورانہ رویہ اپنائے رکھا۔ سوشل میڈیا پر رکن قومی اسمبلی رمیش لال کو شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں