شمالی وزیرستان : سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 2 دہشت گرد مارے گئے

مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا ، فائرنگ کے تبادے میں ایک فوجی جوان بھی شہید ہوا۔ آئی ٰایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جون 2021 10:45

شمالی وزیرستان : سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 2 دہشت گرد مارے گئے
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2021ء ) سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان میں کی گئی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں 2 دہشت گردوں ہلاک ہوگئے ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہوگیا ، جس کی شناخت نائک نزاکت حسین کے نام سے ہوئی۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن کیا جہاں سیکیورٹی فورسز کے پہنچتے ہی مسلح دہشت گردوں نے جوانوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی ، جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی ، جس کے تبادلے میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے سرگرم 2 دہشت گرد مارے گئے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ کامیاب آپریشن میں مارے جانے والے دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے تھا ، جو جرائم کی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل ہی صوبہ بلوچستان کےعلاقے ہلمرگ میں بھی سیکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے ، آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی طرف سے کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اوربارود برآمد ہوا ، دہشت گرد شہریوں اور فورسز کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث تھے، فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا بہادر سپاہی فدا الرحمان شہید ہوگیا، جس کا تعلق چترال کے علاقے مستوج سے بتایا گیا۔

اس سے پہلے صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران میں بھی خفیہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے تھے ، ہلاک ہونے والے دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ میں ملوث تھے ، جب کہ اس سے قبل بلوچستان کے ایک اور علاقے کیچ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ آپریشن کیا ، آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے ، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں