دشمنوں کو امن عمل کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، آرمی چیف

افغانستان میں امن پاکستان کی دلی خواہش ہے، مئوثربارڈرمینجمنٹ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، میڈیا کی ذمہ داری ہے امن دشمنوں کی نشاندہی کرے۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی افغان میڈیا کے وفد سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 30 جولائی 2021 18:43

دشمنوں کو امن عمل کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، آرمی چیف
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2021ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمنوں کو امن عمل کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، افغانستان میں امن پاکستان کی دلی خواہش ہے، مئوثر بارڈر مینجمنٹ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، میڈیا کی ذمہ داری ہے امن دشمنوں کی نشاندہی کرے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان میڈیا کے وفد نے ملاقات کی۔

اس موقع پر افغان صحافیوں کے وفد نے افغان امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا، افغان صحافیوں نے تبادلہ خیال کا موقع دینے پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا، افغان صحافی نے کہا کہ افغان عوام کے لیے پاکستان کی کاوشوں پر شکرگزار ہیں۔ افغان میڈیا وفد نے کہا کہ پاکستان کا افغان مہاجرین کی میزبانی اور امن عمل میں کردار قابل قدر ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک افغان نوجوان خطے کا مستقبل ہیں، پاک افغان یوتھ فورم سے باہمی رابطوں کو فروغ ملے گا، امید ہے دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں مزید دوروں کا تبادلہ ہوگا، میڈیا عوامی، سماجی، ثقافتی رابطوں میں پل کا کردارادا کرسکتا ہے، میڈیا کی ذمہ داری ہے امن دشمنوں کی نشاندہی کرکے شکست دے۔

آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کی دلی خواہش ہے، پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے وابستہ ہے، دشمنوں کو امن عمل کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، موثر بارڈر مینجمنٹ اور سیکیورٹی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی رابطوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، افغانستان میں پائیدار امن سے خطے میں ترقی ہوگی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں