کیا آپ استعفیٰ دیں گے ؟ شیخ رشید سے صحافی کا سوال

کوئی عقل کی بات کریں، شیخ رشید کا جواب; نیوزی لیںڈ کو بات پر بھی راضی کرنے کی کوشش کی کہ بغیر تماشائیوں کے میچ کھیلا جائے نیوزی لینڈ کے سکیورٹی انچارج سے پوچھا گیا کہ خدشات کیا ہیں تو بتایا ہی نہیں گیا، سیریز سازشوں کی نذر ہو گئی ہے۔سازش کس نے کی نام نہیں لینا چاہتا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی پریس کانفرنس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 17 ستمبر 2021 17:31

کیا آپ استعفیٰ دیں گے ؟ شیخ رشید سے صحافی کا سوال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 ستمبر 2021ء) : پاکستان اور نیوزی لینڈ سیریز منسوخ ہونے کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مکمل طور پر سکیورٹی فراہم کی ۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے ایس ایس جی اور انفینٹری موجود تھی، 4ہزار پولیس اہلکار موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی تھریٹ نہیں تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے سکیورٹی انچارج سے بات کی گئی اور انہیں اس بات پر بھی راضی کرنے کی کوشش کی کہ بغیر تماشائیوں کے میچ کھیلا جائے۔ ہمارے اداروں نے بہت کوشش کی وہ مان جائیں ، جب اس پر بھی راضی نہیں ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے سکیورٹی انچارج سے پوچھا گیا کہ خدشات کیا ہیں تو بتایا ہی نہیں گیا۔

(جاری ہے)

تو پھر تاجکستان میں موجود وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا گیا۔ جنہوں نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے بات کی جنہوں نے کہا کہ تھریٹ کا مسئلہ نہیں ہے ہمیں یہ اطلاع ہے کہ جب نیوزی لینڈ کی ٹیم باہر نکلے گی تو تب اُن پر حملہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے یکطرفہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد سیریز منسوخ کر دی گئی۔ شیخ رشید نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ پاکستان کی سیریز کو دستانے پہنے ہاتھوں کی ایک سازش کے تحت منسوخ کیا گیا ہے۔

، دستانے پہنے ہوئے ہاتھ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ کس کی سازش ہے میں یہاں نام نہیں لینا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ چار ماہ قبل ایک سکیورٹی ٹیم بھی آئی تھی جس نے تمام معاملات کو کلئیر قرار دیا جس کے بعد یہ دورہ اور سیریز پلان کیا گیا۔ افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ بارڈر پر مکمل امن کی صورتحال ہے۔

افغانستان میں ہمارے کئی بچے واپس پڑھنے چلے گئے ہیں، کچھ خواتین بھی تعلیم حاصل کرنے گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن اور سکون کا سب سے بڑا داعی ہے،پاکستان دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے انتہائی مضبوط اور زبردست ادارے رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت پوری دنیا میں ایک کردار ادا کر رہا ہے ، اس وقت وزیراعظم عمران خان بھی تاجکستان میں موجود ہیں لیکن بھارتی میڈیا تاحال پاکستان کے خلاف زہر اُگل رہا ہے۔

بھارت کی سوئی پاکستان میں اٹکی ہوئی ہے۔ لیکن ہماری تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ پاکستان میں ہر حال میں امن قائم رہے گا۔ انہوں نے افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کا ہو گا ، جب فیصلہ ہو گا آگاہ کیا جائے گا۔ مہاجرین سے متعلق خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ بارڈر پر کوئی مہاجر موجود نہیں ہے نہ ہی ہم نے ابھی تک کوئی مہاجر کیمپ بنایا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے شیخ رشید نے سوال کیا کہ کیا آپ استعفیٰ دیں گے جس پر شیخ رشید نے قدرے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یار کوئی عقل کی بات کرو، صحیح سوال کرو۔ یہ وزارت داخلہ کی ناکامی نہیں ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم انہی باتوں پر غور کر رہی ہے۔ اگلے چوبیس گھنٹوں میں انگلینڈ کی ٹیم فیصلہ کرے گی ، دورہ پاکستان کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کو خوش آمدید کہیں گے۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج پہلا میچ شروع ہونے سے قبل 'سکیورٹی خدشات' کی وجہ بتا کر دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں