وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا راولپنڈی میں گورنمنٹ وقارالنساء پوسٹ گرایجویٹ کالج برائے خواتین کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان

وقارالنساء یونیورسٹی میں پہلے مرحلے میں 4فکلیٹیز قائم کی جائینگی، ابتدائی طورپریونیورسٹی کو ایک ارب روپے کا فنڈ فراہم کیا جائیگا‘عثمان بزدار خواتین کیلئے تعلیم حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے،ر اولپنڈی میں خواتین کیلئے اعلی تعلیم کے بہترین مواقع میسر ہیں ‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 15 اکتوبر 2021 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی میں گورنمنٹ وقارالنساء پوسٹ گرایجویٹ کالج برائے خواتین کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج گورنمنٹ وقار النساء پوسٹ گرایجویٹ کالج برائے خواتین کواپ گریڈ کر کے وقارالنساء یونیورسٹی کادرجہ دے دیاہے۔راولپنڈی کے لئے رنگ روڈ اور نالہ لئی ایکسپریس وے کی آج منظوری دے دی ہے، آج کا دن راولپنڈی کا دن ہے اوراس ضمن میں راولپنڈی کے شہریوں اوراس شہر کے وکیل شیخ رشید احمد اور ارکان اسمبلی مبارکباد پیش کرتاہوں۔

وقارالنساء یونیورسٹی میں پہلے مرحلے میں 4فکلیٹیز قائم کی جائیں گی اور ابتدائی طورپر وقار النساء یونیورسٹی کو ایک ارب روپے کا فنڈ فراہم کیا جائے گا- وہ آج گورنمنٹ وقار النساء پوسٹ گرایجویٹ کالج برائے خواتین راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ راولپنڈی شہر کی تعمیرو ترقی کیلئے 132ارب کی لاگت کی371ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔

راولپنڈی کیلئے رنگ روڈ اور نالہ لئی ایکسپریس وے جیسے میگا پراجیکٹس شر وع کیے جارہے ہیں اوریہ منصوبے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔راولپنڈی کے عوام نے ہمیشہ وزیراعظم عمران خان پرغیر مشروط اعتماد کا اظہار کیااور یہ محبت یکطرفہ نہیں بلکہ اولپنڈی کے مسائل حل کریں گے اورراولپنڈی کو پنجاب کا مثالی شہر بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں وقار النساء یونیورسٹی کا قیام خوش آئند ہے اور خواتین کیلئے تعلیم حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

ر اولپنڈی میں خواتین کیلئے اعلی تعلیم کے بہترین مواقع میسر ہیں۔ راولپنڈی ڈویژن میں 60گرلز کالج بیٹیوں کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اورصحت کے شعبوں میں دوررس اور دیرپا تبدیلیاں لانے کیلئے میں اور میری ٹیم دن رات کوشاں ہیں - ہم محض بلندوبانگ دعوے کرنے کے قائل نہیں بلکہ کام کر کے دکھاتے ہیں۔ حکومت پنجاب تمام شہروں اور علاقوں کی یکساں ترقی کے ویژن پر عمل پیرا ہے۔

تعلیم اورصحت بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ رواں مالی سال میں صحت کے بجٹ میں مجموعی طور پر124 فیصد،سکول ایجوکیشن کے بجٹ میں 29 فیصداور خاص طور پر ہائر ایجوکیشن کے بجٹ میں 286فیصد اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مجموعی طور پر21 یونیورسٹیاں قائم کی جا رہی ہیں۔ 6یونیورسٹیاں قائم ہو چکی ہیں جبکہ9 یونیورسٹیوں کے قیام کی منظوری دی جاچکی ہے اوراس طرح صوبے میں مزید6یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 4 یونیورسٹیاں ہیں جبکہ اٹک میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔پنجاب میں رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور اب تک ذہین اورنادار طلباء کو 27کروڑ38لاکھ روپے کے 10574سکالر شپ دیئے جاچکے ہیں جبکہ پیف میں 677 مزید سکالر شپ دیئے جائیں گے۔ حکومت پنجاب اس سال ایک ارب روپے کے 29142 رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، غازی یونیورسٹی ڈی جی خان، اوکاڑہ یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف چکوال اور بہاؤالدین ذکریایونیورسٹی میں ’’سیرت چیئر‘‘ قائم ہوچکی ہے۔ جس کے تحت محقیقین کو ریسرچ کیلئے معاونت فراہم کی جائے گی۔ عشرہ شان رحمت اللعالمینؐمیں سکول، کالج، یونیورسٹی کے طلبہ سمیت زندگی کے تمام شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی شمولیت کو یقینی بنانے کی کاوش کی گئی ہیں۔ تقریب سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد،صوبائی و زیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اورپرنسپل گورنمنٹ وقار النساء پوسٹ گرایجویٹ کالج برائے خواتین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں