سالا ر جمہوریت سردار سکندر حیات خان کا انتقال ریاست جموںوکشمیر کی سیاسی تاریخ کا ناقابل تلافی نقصان ہے،مرزا محمد شفیق جرال

مسلم کانفرنس اپنے سپریم ہیڈ کی سرپرستی سے محروم ہو گئی ہے، مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے بعد سالار جمہوریت ہی ریاستی تشخص کی بڑی باوقار علامت تھے،صدر مسلم کانفرنس

اتوار 17 اکتوبر 2021 17:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2021ء) آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر مرزا محمد شفیق جرال نے کہا ہے کہ سالا ر جمہوریت سردار سکندر حیات خان کا انتقال نہ صرف مسلم کانفرنس بلکہ ریاست جموںوکشمیر کی سیاسی تاریخ کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ مسلم کانفرنس اپنے سپریم ہیڈ کی سرپرستی سے محروم ہو گئی ہے۔ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے بعد سالار جمہوریت ہی ریاستی تشخص کی بڑی باوقار علامت تھے۔

انہوں نے آزادکشمیر کے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی کی طرف سے تین روزہ سوگ و ریاستی پرچم کے سرنگوں کرنے اور کوٹلی سپورٹس اسٹیڈیم اور شاہراہ کشمیر کو سردار سکندر حیا ت خان کے نام سے منسوب کئے جانے کے فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

اور یقین دلایا کہ مسلم کانفرنس حالیہ الیکشن کے حوالے سے تمام تر تحفظات کے باوجود سردار عبدالقیوم خان نیازی کے تعمیری ، مثبت اور روادری پر مبنی اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

مرزا محمد شفیق جرال نے ان خیالات کا اظہار یہاں جماعت کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریفرنس سے میڈم سیکرٹری جنرل محترمہ مہرالنساء سابق وزیر حکومت راجہ محمد یٰسین خان ،میرپور ڈویژن کے صدر چوہدری خضر حیات ، چیئرمین پبلسٹی ونگ راجہ محمد لطیف حسرت،بنت کشمیر محترمہ گلنار اقبال، صدر لائرونگ راولپنڈی بار محترمہ عید النساء ایڈووکیٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

صدر مسلم کانفرنس نے کہا کہ ہم ہر سال 15، 16 اور17 اکتوبر کو مسلم کانفرنس کی سالگرہ مناتے ہیں تاہم اس مرتبہ اپنے سپریم ہیڈ کی وفات کے موقعہ پر سالگرہ کی تقریبات کو تعزیتی اجتماعات میں تبدیل کردیا ہے۔ فیصلے کے مطابق ان تین دنوں میں آزادکشمیر بھر میں دُعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جا رہاہے۔ اس موقعہ پر سالار جمہوریت کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائے خیر مانگی گئی۔

مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل محترمہ مہرالنساء نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار سکندر حیات جموںوکشمیر کی سیاسی تاریخ کا انمول باب تھے اب یہ بات ہمیشہ کے لئے بند ہو گیا ہے لیکن ہم ان شا ء اللہ مرحوم کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ سابق وزیر حکومت راجہ محمد یٰسین خان نے سردار سکندر حیات کے ساتھ گزرے ہوئے ادوار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

اُنہوںنے کہا کہ سالار جمہوریت نے آزادکشمیر میں گڈ گورننس کی بنیاد رکھی۔ میرٹ کو قائم کیا۔ تعمیر و ترقی کے لئے نئے دور کا آغاز کیا۔ کشمیر کی آزادی کے لئے عملی اقدامات کئے۔ کشمیر لبریشن سیل کی بنیاد رکھی جسے بد قسمتی سے اب ملازمتوں کے ’’لوٹ سیل‘‘ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔راجہ محمد یٰسین خان نے سردار سکندر حیات کی خدامت پر اُنہیں خراج عقیدت پیش کیا اور اُن کے نقش قدم پر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بنت کشمیر محترمہ گلنار اقبال نے کہا کہ اب ریاست جموںوکشمیر میں سالار جمہورٹ کے قد کاٹھ کا کوئی سیاست دن نہیں رہا۔سردار سکندر حیات خان کا آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں بڑا حلقہ احباب تھا۔ انہیں سیاسی و انتظامی معاملات پر مضبوط گرفت حاصل تھی یہی وجہ ہے کہ آزادکشمیر میں اُن کا دور تعمیر و ترقی کا سنہرا دور تصور کیا جاتا ہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی انھیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطاء فرمائے۔ امین

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں