راولپنڈی میں راستوں کی بندش پر ڈپٹی کمشنر، پولیس سے جواب طلب کر لیا گیا

یکم نومبر کو بتایا جائے کہ کن خطرات کی وجہ سے راستے بند کئے گئے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 اکتوبر 2021 12:37

راولپنڈی میں راستوں کی بندش پر ڈپٹی کمشنر، پولیس سے جواب طلب کر لیا گیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اکتوبر 2021ء) : راولپنڈی میں راستوں کو بند کرنے سے متعلق ڈپٹی کمشنر اور پولیس سے جواب طلب کر لیا گیا ہے۔ قومی اخبار ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے کالعدم مذہبی جماعت کی ریلی اور احتجاج کو روکنے کے لیے شہر میں راستوں کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ جگہ جگہ کنٹینرز لگا کر راولپنڈی کو کنٹینروں کا شہر بنا دیا گیا ۔

راستے بند کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عدالت متعلقہ حکام کو تمام کنٹینرز ہٹانے اور راستے کھولنے کا حکم دے۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اور سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ یکم نومبر کو بتایا جائے کہ کن خطرات کی وجہ سے راستے بند کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کالعدم تنظیم کے احتجاج اور دھرنے کے پیش نظر راولپنڈی کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

جبکہ مری روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔ سکستھ روڈ، چاندنی چوک، لیاقت باغ، مری چوک اور کمیٹی چوک پر مزید کنٹینرز کھڑے کردیے گئے ہیں۔ راولپنڈی میٹرو بس سروس بھی تا حکم ثانی بند ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی مری روڈ کے اطراف کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔ مختلف علاقوں میں رکاوٹوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ یاد رہے کہ لاہور سے شروع ہونے والا کالعدم تنظیم کا لانگ مارچ مریدکے میں قیام کے بعد سادھوکی سے ہوتا ہوا کامونکی پہنچ گیا، کامونکی میں رات پڑاؤ کے بعد مظاہرین صبح گوجرانوالہ کی طرف روانہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

مظاہرین کے دھرنے اور احتجاج کے پیش نظر ہی مختلف مقامات پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ جی ٹی روڈ پر کنٹینر لگانے کے ساتھ ساتھ خندقیں بھی کھودی گئی ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز حکومت نے کالعدم تنظیم سے آہنی ہاتھوں نمٹنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور سکیورٹی ادارے کالعدم تنظیم سے سختی سے نمٹنے کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ حکومت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کالعدم تنظیم نے احتجاج کی آڑ میں رااستے بند کر رکھے ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں