راولپنڈی، ضلعی انتظامیہ، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن، پولیس اور مقامی سیاسی شخصیات کی مبینہ ملی بھگت

شہر میں پارکنگ فیس اور پرچی کے نام پر شہر کے متعدد پر ہجوم مقامات پر غیر قانونی بھتہ خور وں نے ڈیرے ڈال لئے

جمعہ 26 نومبر 2021 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2021ء) ضلعی انتظامیہ، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن، پولیس اور مقامی سیاسی شخصیات کی مبینہ ملی بھگت اور آشیر باد سے راولپنڈی شہر میں پارکنگ فیس اور پرچی کے نام پر شہر کے متعدد پر ہجوم مقامات پر غیر قانونی بھتہ خور وں نے ڈیرے ڈال لئے ضلعی انتظامیہ،تعلیمی اداروں اور الائیڈ ہسپتالوں کی انتظامیہ نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونا شروع کر دیئے جہاں پر 30سے 50اور بعض مقامات پر100روپے پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے این این آئیرپورٹ کے مطابق ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم ای)راول ٹاؤن شہر میں مستقل بنیادوں پر 7پارکنگ ایریاز کو غیرقانونی قرار دے کر متعدد مرتبہ پارکنگ پرچی کے نام بھتہ خوروں کے خلاف کاروائی کی سفارش بھی کر چکی ہے دبئی پلازہ اور اس سے ملحقہ پلازوں میں پلازوں کی انتظامیہ یا مقامی تاجر تنظیمیں غیر قانونی طور پر پارکنگ پرچی وصول کر رہے ہیں اسی طرح ٹی ایم اے کی جانب سے غیر قانونی قرار دیئے گئے پارکنگ ایریاز میں غزنی روڈ،راجہ بازار،امپیریل مارکیٹ (راجہ بازار)،سرکلر روڈ(موٹر سائیکل شو روم)،اصغر مال روڈ،لیاقت روڈاور اقبال روڈ شامل ہیں جبکہ مذکورہ غیر قانونی پارکنگ ایریاز میں سے لیاقت روڈ پر راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی(آر ڈی ای)غیر قانونی طور پر پارکنگ فیس وصول کر رہی ہے یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹی ایم اے کی جانب سے غیر قانونی قرار دیئے گئے مذکورہ پوائنٹس کے علاوہ بھی شہر کے متعدد مقامات پر عارضی طور پر پارکنگ فیس کے نام پر بھتہ خوری کا سلسلہ جاری ہے غیرقانونی طور پر بھتہ وصول کرنے والے اپنی جگہ تبدیل کر لیتے ہیں اور کوئی بھی پر ہجوم جگہ دیکھ کر پارکنگ پرچی کی وصولی شروع کر دیتے ہیں اسی طرح شہر بھرمیں غیر قانونی ویگن،سوزوکی، ٹیکسی اور رکشہ(چنگ چی) سٹینڈ پر مقامی سیاسی افراد اور ٹرانسپورٹ مافیا کی سرپرستی میں یومیہ بنیادوں پر اور بعض مقامات پرفی پھیرا پرچی وصول کی جاتی ہے یہاں تشویشناک امر یہ ہے کہ مذکورہ منظور شدہ مقامات کی آڑ میں مری روڈ پر پبلک پارک،گلف سینٹر،سیور فوڈز،یونائیٹڈ سینٹر شمس آبادسمیت مری روڈپر70فیصد کمرشل پلازوں کے علاوہ اندرون شہرمتعدد مقامات پر غیر قانونی بھتہ مافیا نے ڈیرے ڈال رکھے اس طرح شہر میں غیر قانونی پارکنگ ایریاز میں پارکنگ فیس کے نام پربھتہ وصولی کھلے عام جاری ہے ادھر راولپنڈی کے شہریوں نے این این آئی سے شہر بھر میں پارکنگ فیس کے نام پر بھتہ خوری پر شدیدٍ احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ فیض آباد سے صدر تک مری روڈ اور اس کے اطراف مکمل طور پر بھتہ مافیا کا راج ہے کہیں پر سرکاری منظور شدہ بھتہ خور اور کہیں پر سرکار کی مبینہ پشت پناہی میں غیر قانونی بھتہ خوروں کا راج ہے ائر پورٹ،ریلوے سٹیشن اورہسپتالوں سے لے کر تمام فوڈ پوائنٹس اور کمرشل پلازوں کے باہر 30 سی50روپے پرچی زبردستی لی جاتی ہے اور بیشتر جگہوں پر تو فی گھنٹہ ر یٹ مقرر ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ کمشنر،ڈی سی او، ایڈمنسٹریٹر راول ٹاؤن،ڈی جی آر ڈی اے اور مقامی پولیس کی ملی بھگت کے بغیر دن دیہاڑے بھتہ وصولی ناممکن عمل ہے اور یہ بھی ممکن نہیں کہ انتظامیہ و پولیس کو اس بارے علم نہ ہو شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی سے اپیل کی ہے کہ وہ راولپنڈی میں بھتہ خوری کے اس اقدام کا نوٹس لیں اور اس گھناؤنے دھندے میں ملوث سرکاری اداروں کے سربراہان،افسران، عملے اور جعلی ٹھیکیداروں کے خلاف مقدمات درج کروائیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں