راولپنڈی بورڈ کا سپرنٹنڈنٹ زیادہ نمبرز دینے کےلیے رشوت لیتے ہوئے گرفتار

ملزم گورنمنٹ کرسچین ہائیر سکینڈری اسکول راجہ بازار کے امتحانی سینٹر پر سپریٹنڈنٹ تعینات تھا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 30 نومبر 2021 12:46

راولپنڈی بورڈ کا سپرنٹنڈنٹ زیادہ نمبرز دینے کےلیے رشوت لیتے ہوئے گرفتار
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2021ء) : راولپنڈی بورڈ کے سپرنٹنڈنٹ کو زیادہ نمبرز دینے کےلیے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے پوئے رشوت وصول کرنے والے سپرنٹنڈنٹ کو حراست میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات لینے والے راولپنڈی بورڈ کے سپرنٹنڈنٹ اشتیاق احمد کو ہزاروں روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

اینٹی کرپشن راولپنڈی کی ٹیم نے پوری کارروائی کی ویڈیو بھی بنائی جس میں اینٹی کرپشن کی ٹیم کی جانب سے چھاپے کے دوران ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار ہوتے دیکھا گیا۔ اس کارروائی کے حوالے سے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے بتایا کہ ملزم گورنمنٹ کرسچین ہائیر سکینڈری اسکول راجہ بازار کے امتحانی سینٹر پر سپریٹنڈنٹ کے طور پر تعینات تھا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی بورڈ کے تحت طلبا و طالبات سے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات لیے جا رہے ہیں ۔ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے ٹریپ ریڈ کرکے ایس ایس ٹی ٹیچراشتیاق کو گرفتار کیا اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کہنا ہے کہ سرکل آفیسر راولپنڈی ذوالفقار بازید نے مجسٹریٹ طلعت وحید کی سربراہی میں کامیاب ٹریپ ریڈ کیا۔

ملزم سے موقع پر رشوت کے نشان زدہ 25 ہزار روپے بھی برآمد ہوئے۔ ملزم نے مدعی سے زیادہ نمبرز لگانے کے لیے مجموعی طور پر 65 ہزار روپے بطور رشوت وصول کیے تھے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا تھا کہ مدعی دانش رضا بارہویں جماعت کا طالب علم اور امتحانی مرکز میں اُمیدوار بھی تھا۔ جبکہ ملزم اشتیاق احمد محکمہ تعلیم میں سینیئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ ہے جو راجہ بازار امتحانی سینٹر پر بطور سپریٹنڈنٹ کی حیثیت سے ڈیوٹی دے رہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ نمبر 43/21 درج کرلیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں