ْآزاد کشمیر ریگولر فورسز کے نائب صوبیدار سخی محمد کو بعد از شہادت تمغہ جرات سے نوازاگیا

اتوار 5 دسمبر 2021 20:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) آزاد کشمیر ریگولر فورسز کے نائب صوبیدار سخی محمد کو بعد از شہادت تمغہ جرات سے نوازاگیا -نائب صوبیدار سخی محمد نے 1971 ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا تھا -نائب صوبیدار سخی محمد کو 6اور 7دسمبر کی درمیانی شب کے دوران دشمن کی ایک پوزیشن پر قبضے کا حکم ملا جبکہ دشمن کی اس پوزیشن پر رائفل کمپنی سے زیادہ آدمی تعینات تھے - اس کی مدد کے لئے تین انچ دہانے اور 120ایم ایم کی مارٹریں اور توپ خانہ کی ایک بیٹری موجود تھی جبکہ نائب صوبیدار سخی محمد کے پاس صرف تین توپیں اور مارٹر پلٹن تھی -دشمن بلندی پر تھا جس کے شمال مغرب اور جنوب میں بلند چٹانیں تھیں اور صرف جنوب کی طرف ایک تنگ راستہ تھا -نائب صوبیدار سخی محمد اور ان کے ساتھیوں کو سخت مشکلات کا سامنا تھا لیکن وہ دشمن کی فائرنگ کی پرواہ کئے بغیر آگے بڑھتے رہے اور اس کے دفاعی مورچوں میں گھس گئے - اس کے دو اگلے بنکر تباہ کر دیئے - نائب صوبیدار سخی محمد جو حملے کی قیادت کررہے تھے وہ شدید زخمی ہوگئے لیکن انہو ںنے پیچھے بھیجوائے جانے سے انکار کر دیا اور صوبیدار سخی محمد اپنے آدمیوں کو حملہ جاری رکھنے کا حکم دیتے رہے - اس دوران انہو ںنے جام شہادت نوش کیا - حکومت پاکستان نے نائب صوبیدار سخی محمد شہید کو تغمہ جرات کے فوجی اعزاز سے نوازا - آپ کا مزار آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی تحصیل نگیال (فتح پور) گائوں ڈبسی کنگوٹ میں ہے -بہادر تھے نڈر تھے جیالے تھے - سلام ان مائوں کو جن کی گود نے شیر پالے تھے

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں