دنیا میں بہترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے والی قوم ہی مستقبل میں طاقت ور ہو گی ،

پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک لیکن ٹیکنالوجی میں بہت پیچھے ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

منگل 7 دسمبر 2021 14:04

دنیا میں بہترین ٹیکنالوجی سے استفادہ   کرنے والی قوم  ہی مستقبل میں   طاقت ور ہو گی  ،
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں وہی قوم طاقت ور ہو گی جو دنیامیں بہترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرےگی، پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا  ملک ہے لیکن ٹیکنالوجی میں بہت پیچھے ہے، پرائمری، مڈل اور سیکنڈری سطح پر  انفارمیشن  ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں  نے منگل کو ملٹری کالج آف سگنلز میں 28 ویں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ فارغ التحصیل ہونے والے طلبا کو ان کی کامیابی پرمبارکباد پیش کرتاہوں۔ نسٹ دنیاکی بہترین یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں  نے کہا کہ آج اپنی تعلیم مکمل کرنے والے نوجوانوں کے لئے مستقبل کے عزم کا دن ہے۔

وہ  محنت و لگن سے  اپنے خاندان اور ملک کی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں ملک ہے لیکن ٹیکنالوجی میں بہت پیچھے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کی بڑی تعداد سکولوں سے باہر ہے۔ ماضی میں اس معاملے کو نظر اندازکیا گیا تاہم اب پرائمری، مڈل اور سیکنڈری سطح پر  انفارمیشن  ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ کے لئے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی مزدوروں کی بڑی تعداد خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اگرپاکستان میں سرمایہ کاری ہو رہی ہوتی اور دبئی اور سنگا پور کی طرز پر عمارتیں تعمیر کی جاتیں تو یہ لوگ روزگار کے لئے بیرون ملک نہ جاتے۔ اسی طرح 70 سے 90 کی دہائیوں کے دوران اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے پروفیشنلز کو ملازمتوں کے مناسب مواقع میسر نہیں ہیں جس کے باعث  انہیں ملازمتوں کے حصول کے لئے بیرون ملک جانا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ اشاروں کی زبان کا زندگی میں اہم کردار ہے۔ 70 فیصد لوگ اشاروں کی زبان سمجھتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کی صحافت اخلاقی طور پر زوال پذیر ہے۔ پس منظر کے سمجھے بغیر خبروں سے بیانیہ یکسر بدل جاتا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ انہوں نے بارہا ٹیکنالوجی کے وسائل سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے  کیونکہ مستقبل میں وہی قوم طاقت ور ہو گی جو دنیامیں بہترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرےگی۔

انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبہ سمیت تمام اداروں کے لئے سائبر سکیورٹی اہم ہے۔ تمام اداروں میں سائبر سکیورٹی ماہرین کی ضرورت ہے۔ ہمیں ماہرت کےساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے ماہر تعلیم یافتہ افراد کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کےلئے لاکھوں لو گوں کو تربیت فراہم کرنا ضروری ہے۔ فاصلاتی تعلیم سمیت مختلف طریقوں سے یہ مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ڈیجیٹل سکلز کاآغازکیاجس میں 20 لوگوں نے داخلہ لیا اور 16 لاکھ پہلا مرحلہ عبور کرچکے ہیں۔

اس تناظر میں سب کے لئے پرائمری تعلیم اور یکساں نظام تعلیم ضروری ہے تاکہ قومی سطح پر ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق بچوں کو اوائل عمری میں تربیت دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا پروٹیکشن جدید دور کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے قانون سازی بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا  کہ کورونا وبا کےدوران ہنگامی صورتحال میں مختلف اداروں نے ایک دوسرے کے ساتھ ڈیٹا شیئرکیا جس سے بہترین فیصلہ سازی میں مددملی۔

نادارا اتھارٹی کے نئے قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت نادرا ضرورت پڑنے پر ڈیٹاحاصل کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیامیں جتنا ڈیٹا ہے اتنی اہلیت نہیں ہے۔ پاکستان کے پانچ فیصد ڈیٹا تک رسائی حاصل ہے ۔انہوں  نے کہا کہ تیل قیمتی ہے  لیکن ڈیٹا اس سے زیادہ قیمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرروزانہ سائبر حملے ہوتے ہیں۔

ان حملوں کا کسی چھوٹے بڑے ملک سے تعلق نہیں ہوتا بلکہ  یہ ٹیکنالوجی  کے ذریعے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کے لئے اچھی سوچ رکھنے والے سمارٹ اور قابل لوگوں کی ضرورت ہے۔ انسانی وسائل پر تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔ ملک کے نوجوانوں کو ذہانت کی جانب راغب کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاتا ہے۔

انہوں نے فارغ التحصیل نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ    کمزور طبقات کا خیال رکھیں۔ کورونا وبا کے دوران معاشرے کے کمزور طبقات سے اظہار یکجہتی اور ہمدری کا اظہار کیاگیا جس سے کورونا وبا پر قابو پانے میں مدد ملی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمانڈٹ ملٹری کالج آف سگنلز بریگیڈیئر سید علی رضا نے   کامیاب ہونے والے  طلبا کو مبارک باددی۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے شعبہ کی ترقی سے سائبر سکیورٹی سے نمٹنے  میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کالج کی کامیابیوں اورمستقبل کے منصوبوں  پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فارغ التحصیل ہونے والے طالب علموں میں اسناد تقسیم کیں۔ طالب علموں کو مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی دکھانے پر مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ان ایوارڈز میں پریذیڈنٹ گولڈ میڈل ایوارڈ، چیف آف آرمی سٹاف ایوارڈ  ، چانسلر سول میڈل  سے نوازا گیا۔ کیپٹن احسن بلال طارق نے پریذیڈنٹ گولڈ میڈل ایوارڈ اور  چیف آف آرمی سٹاف ایوارڈ   ددونوں حاصل کئے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں