موجودہ صورتحال میں عدلیہ اور افواج پر عظیم ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، شیخ رشید احمد

3 سے 5 دنوں میں اہم فیصلے ہوکر رہیں گے‘ آج پاکستان کی سیاست کا اہم دن ہے‘ 2 اور 3 بجے کے درمیان لال حویلی پہنچوں گا ۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا ویڈیو بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 مئی 2022 11:22

موجودہ صورتحال میں عدلیہ اور افواج پر عظیم ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، شیخ رشید احمد
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مئی 2022ء ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں عدلیہ اور افواج پر عظیم ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی سیاست کا اہم دن ہے، عمران خان کی قیادت میں قوم نکل آئی ہے ، ڈرپوک بھگوڑے کبھی سعودی عرب میں پناہ لیتے ہیں اور کبھی لندن بھاگ جاتے ہیں ،3سے 5 دنوں میں اہم فیصلے ہوکر رہیں گے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ملکی معیشت کو سازش سے نااہل لوگوں کے ہاتھوں تباہ کیا جارہا ہے ، ایسے عالم میں عدلیہ، افواج پر عظیم ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، ہم نے امن کے راستے کو اپنانا ہے، آج 2 اور 3بجے کے درمیان لال حویلی پہنچوں گا وہاں سے پُرامن ریلی کی قیادت کرکے اسلام آباد جاؤں گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی گرفتاری سے روک دیا تھا ، اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سابق وزیر داخلہ کی جانب سے اسلام آباد لانگ مارچ سے قبل پولیس کے کریک ڈاؤن اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں کرنے کے خلاف اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کرنے کے بعد سامنے آیا ، فیصلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیخ رشید کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پولیس ، ایف آئی اے کو سابق وفاقی وزیر کو 25 مئی تک گرفتار کرنے سے روک دیا ۔

خیال رہے کہ پولیس نے شیخ رشید احمد کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر دو بار چھاپہ مارا ، اس دوران پولیس نے لال حویلی سے عوامی مسلم لیگ کے 6 کارکنان کو گرفتار کرلیا ، گرفتار نوجوان سے پارٹی جھنڈے اور موبائل فون قبضے میں لے لیے گئے ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ابھی 2 بجے لال حویلی پر پولیس کی بڑی تعداد نے دوبارہ ریڈ کیا ہے اور 6 بے گناہ افراد کو لال حویلی سے گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے گئے ، لال حویلی کے گردونواح میں وردی اور سفید کپڑوں میں پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کل 2 بجے نکلنے والی آزادی مارچ ریلی کا راستہ روکا جا سکے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں