شمالی وزیرستان ؛ سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ‘ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 25 جون 2022 17:30

شمالی وزیرستان ؛ سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جون2022ء ) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا جب کہ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔

خیال رہے کہ پاک فوج کا دہشت گردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، گزشتہ رات ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسزنے 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا تھا ، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ کلاچی میں ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے ، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگرد کاروائیوں میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

چند روز قبل صوبہ بلوچستان کےعلاقے مکران میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے ، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ اس سے پہلے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، فائرنگ کے تبادلے میں فوجی جوان نائیک زاہد احمد شہید ہوگئے ، اس دوران ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہو گیا جس کی شناخت ضیاء اللہ کے نام سے ہوئی ، دہشتگرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں