بڑے تجارتی وفد کا دورہ پاک سعودی پائیدار اور برادرانہ تعلقات کی تصدیق کرتا ہے، آرمی چیف

ملاقات میں جنرل عاصم منیر نے سعودی تجارتی وفد کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی اور دونوں ممالک کو اس دورے سے مفید نتائج حاصل ہونے کی امید ظاہر کی؛ آئی ایس پی آر اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 اکتوبر 2024 10:22

بڑے تجارتی وفد کا دورہ پاک سعودی پائیدار اور برادرانہ تعلقات کی تصدیق کرتا ہے، آرمی چیف
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اکتوبر 2024ء ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص مختلف شعبوں میں برادرانہ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی سربراہی میں وفد نے راولپنڈی میں ملاقات کی، اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا ہے کہ ملاقات میں مختلف شعبوں میں برادرانہ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل حمایت و اعانت پر اظہار تشکر کیا، آرمی چیف نے پاکستان کے عوام کے دلوں میں سعودی عرب کے لیے پائے جانے والے گہرے احترام اور اخوت کے جذبات کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے سعودی تجارتی وفد کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی اور دونوں ممالک کو حاصل ہونے والے امید افزا نتائج کے بارے میں امید ظاہر کی، جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بڑے تجارتی وفد کا دورہ پاک سعودی پائیدار اور برادرانہ تعلقات کی تصدیق کرتا ہے، پاکستانی عوام سعودی عرب کے لیے گہری عزت اور محبت رکھتے ہیں، توقع ہے اس دورے سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

علاوہ ازیں سعودی وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں وفد نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں برادر ممالک نے معیشت، زراعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا جہاں آصف زرداری نے پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان طویل المدتی اورآزمودہ تعلقات ہیں، ان تعلقات کو ایک طویل المدتی اسٹریٹجک اوراقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے، دونوں برادر ممالک کو خطے اور اسلامی دنیا کے خوشحال اور پرامن مستقبل کی تعمیرکے لیے کام کرنا چاہیئے، سعودی عرب کی ویژن 2030ء کے تحت شاندارترقی قابل تعریف ہے، سعودی عرب کی ترقی اورخوشحالی ہمارے لیے باعث مسرت اور فخر ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں