آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت 2 روزہ 84ویں فارمیشن کورکمانڈرز کانفرنس

اسلام آباد میں پاک فوج کی قانونی تعیناتی کے خلاف پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار، بیرونی عناصر کی مدد سے پروپیگنڈے کی ایسی مذموم کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی،سیاسی مالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا، شرکاء کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 دسمبر 2024 18:53

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت 2 روزہ 84ویں فارمیشن کورکمانڈرز کانفرنس
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 05 دسمبر 2024ء )پاک فوج کی فارمیشن کورکمانڈرز کانفرنس میں اسلام آباد میں پاک فوج کی قانونی تعیناتی کے خلاف پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہارکیا گیا اور کہا گیا کہ بیرونی عناصر کی مدد سے پروپیگنڈے کی ایسی مذموم کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی،سیاسی مالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت 2 روزہ 84ویں فارمیشن کورکمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس میں کورکمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی، شرکاء کو اندرونی اور بیرونی خطرات کے تناظر میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے آغاز پر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

پاکستان کے امن کیلئے شہدائے افواج پاکستان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ حالیہ پرتشدد مظاہروں میں جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستان کے شہریوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ فورم نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔

فورم نے کشمیری عوام کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے فلسطینی عوام کے ساتھ بھی اظہاریکجہتی کیا اور غزہ میں جاری مظالم کی پرزور مذمت کی۔ بیرونی عناصر کی مدد سے پروپیگنڈے کی ایسی مذموم کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ اسلام آباد میں پاک فوج کی قانونی تعیناتی کے خلاف پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ حکومت بے لگام غیراخلاقی آزادی اظہاررائے کی آڑ میں زہر اگلنے کے خلاف سخت قوانین اور ضوابط بنائے۔ سیاسی مالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی ضرورت ہے۔ 

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں