انسداد دہشتگردی کی عدالت کا عمر ایوب اور راجہ بشارت کو رہا کرنے کا حکم

عدالت کا پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت کے باوجود گرفتاریوں پر برہمی کا اظہار ،5 افسران کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے اڈیالہ جیل میں آئندہ کسی سماعت پر پانچ سو میٹرکی حدود میں کسی ملزم کوگرفتاری کرنے سے بھی روک دیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 6 دسمبر 2024 11:21

انسداد دہشتگردی کی عدالت کا عمر ایوب اور راجہ بشارت کو رہا کرنے کا حکم
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 دسمبر 2024)انسداد دہشتگردی عدالت نے دہشتگردی کے مقدمات میں گرفتارپی ٹی آئی کے رہنماوں عمر ایوب اور راجہ بشارت کو رہا کرنے کا حکم دیدیا،راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کا پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت کے باوجود گرفتاریوں پر برہمی کا اظہار ،عدالت نے 5 افسران کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے اڈیالہ جیل میں آئندہ کسی سماعت پر پانچ سو میٹرکی حدود میں کسی ملزم کوگرفتاری کرنے سے بھی روک دیا۔

پی ٹی آئی رہنماوں عمرایوب ، راجہ بشارت اور احمد چٹھہ کو راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا، اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے مقدمات پر سماعت کی، پی ٹی آئی کی جانب سے بابر اعوان سمیت دیگر وکلاءعدالت پیش ہوئے۔پولیس نے عمرایوب، راجہ بشارت، احمد چھٹہ، جاجد دانیال اور ملک عظیم کو پیش کیا۔

(جاری ہے)

وکلاءنے عمر ایوب اور بشارت راجہ کی عبوری ضمانت آرڈر عدالت میں پیش کئے۔

احمد چٹھہ، ماجد دانیال اور عظیم کو جیل کے اندر سے رہائی ملی۔عظیم اور ماجد دانیال کو پیش نہیں کیا گیا۔ دونوں رہنماوں کو تھانہ دھمیال کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اے ٹی سی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔جج امجد علی شاہ نے عمرایوب اور راجہ بشارت سمیت تمام ملزمان کو کمرہ عدالت میں ہی رہا کرنے کا حکم دیا عدالت نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر500 میٹرکی حدود میں کسی ملزم کوگرفتارنہ کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزجی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی ۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر80 ملزمان پر بھی فرد جرم عائد کی تھی۔عدالتی فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو حراست میں لے لیا گیا تھا اس کے علاوہ سابق وزیر قانون راجا بشاورت کو بھی جیل سے نکلتے ہی گرفتار کیا گیاتھاجبکہ پی ٹی آئی کارکن عظیم کو بھی گرفتار کرلیا گیاتھا۔

تحریک انصاف کے رہنما احمد چٹھہ کو بھی حراست میں لے کر پولیس چوکی اڈیالہ منتقل کردیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی تھی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کمرہ عدالت اور شاہ محمودقریشی کو لاہور سے عدالت میںپیش کیاگیاتھا۔اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے کمرہ عدالت میں فرد جرم پڑھ کر سنائی تھی۔انسداد دہشتگردی عدالت نے حاضر 100 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی جس میں ملزمان پر بغاوت، دہشتگردی، اقدام قتل، توڑ پھوڑ، جلاو گھیراو اور سازش مجرمانہ کے الزامات شامل تھے۔عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کی شہادت طلب کرلی تھی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں