صنعتکاروں کو مراعات کی فراہمی کے تمام تر اقدامات کیے جارہے ہیں، شیخ علائوالدین

اتوار 26 مارچ 2017 17:00

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء)سیکرٹری انڈسٹریزپنجاب شیخ علائوالدین نے کہا ہے کہ صنعتکاروں کو مراعات کی فراہمی کے تمام تر اقدامات کیے جارہے ہیں ،سی پیک کے حوالے سے تاجر برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا اور انہیں اعتماد میں لیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری انڈسٹریز نے راولپنڈی چیمبر کے صدراور چیئرمین سی پیک کمیٹی راجہ عامر اقبال ،لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عبدالباسط اورگوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدر سیداحمد تاج پر مشتمل وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا ۔

سیکرٹری انڈسٹریز نے سی پیک کے حوالے سے راولپنڈی چیمبر کی سفارشات اور تجاویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ تاجر برادری کی تمام تجاویز کو زیر غور لایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راولپنڈی چیمبر کے وفد نے سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب شیخ علائوالدین کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے حوالے سے تاجر برادری کے موقف سے آگاہ کیا ۔صدر راولپنڈی چیمبر راجہ عامر اقبال نے سیکرٹری انڈسٹریز کو بتایا کہ آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس میں تاجربرادری کے نمائندوں نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ سی پیک ایک گیم چینجر ہے اور اس کو کامیاب بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت چینی حکومت سے مذاکرات کرے اور وہ صنعت یہاں منتقل کرے جس میں زیادہ سے زیادہ ہنرمند افراد کو کھپایا جاسکے اور مقامی افرادی قوت کا تناسب 80فیصد سے زائدہو۔اس کے علاوہ خصوصی اقتصادی صنعتی زونز میں چینی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے لگائے جائیں اورجو مراعات چینی کمپنیوں اور سرمایاکاروں کو دی جائیں وہی پاکستانی کمپنیوں کو بھی دی جائیں۔

انہوںنے کہاکہ جوائنٹ وینچر سے مقامی تاجر ، صنعتکار، اور افرادی قوت جب اس عظیم منصوبے کا بنیادی فریق بن جائے گی تو یہ سو فیصد کامیاب ہو گا اور دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے میں مدد ملے گی۔وفد میں لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عبدالباسط اورگوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدر سیداحمد تاج بھی شامل تھے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں