امریکا اپنے شہریوں کی وطن واپسی کیلئے پاکستان سے 2 خصوصی پروازیں چلائے گا

جمعرات 9 اپریل 2020 22:21

امریکا اپنے شہریوں کی وطن واپسی کیلئے پاکستان سے 2 خصوصی پروازیں چلائے گا
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2020ء) امریکا نے پاکستان میں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے اسلام آباد سے واشنگٹن تک دو چارٹرڈ پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم امریکی اپنے وطن واپس جانے کے لییے اسلام آباد پہنچیں گے۔واشنگٹن کے لئے پہلی چارٹرڈ پرواز 10 اپریل کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اور دوسری 12 اپریل کو روانہ ہوگی۔

کورونا وائرس پھیلنے اور سفری پابندیوں کے سبب جاری لاک ڈاؤن کے تناظر میں پنجاب پولیس کے سربراہ شعیب دستگیر سے درخواست کی گئی ہے کہ متعلقہ حکام کو ہدایت کریں کہ وہ ملک کے مختلف علاقوں سے اسلام آباد جانے والے امریکی شہریوں کی معاونت کریں۔

(جاری ہے)

امریکہ جانے کا ارادہ رکھنے والے مسافروں کو چیک ان شروع ہونے سے 3 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کو کہا گیا ہے۔

ایئر پورٹ پہنچنے پر ہیلتھ اسکریننگ، سفارتخانے کے عملے کے ساتھ کاغذی کارروائی پر دستخط اور امیگریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔اگر مسافر پرواز سے دو گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچیں گے تو نہیں جہازمین سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسکریننگ کے دوران بخار یا فلو جیسی علامت پائے جانے والے مسافروں کو پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں