عوام نے ( ن) لیگ کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے اب 25 جولائی کو محض رسمی کارروائی ہونا باقی ہے،مشتاق احمد منہاس

شیر کی دھاڑ نے دشمنوں پر کپکپی طاری کر دی ہے انہیں سمجھ نہیں آ رہی اب کہاں چھپیں، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

جمعہ 20 جولائی 2018 16:50

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام بالخصوص پنجاب کے عوام نے مسلم لیگ( ن) کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے اب 25 جولائی کو محض رسمی کارروائی ہونا باقی ہے۔شیر کی دھاڑ نے دشمنوں پر کپکپی طاری کر دی ہے انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ اب کہاں چھپیں۔

نواز شریف سیاست کا وہ سورج ہے جس کے روشنی کے مقابلے میں سب مانند پڑ جاتے ہیں۔راولپنڈی مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار این اے 62 میں انتخابی جلسے سے خطاب میں کیا۔راجہ مشتاق منہاس نے کہا کہ جھوٹے الزامات لگانے والوں اور کرپشن میں لت پت تحریک انصاف کو شکست فاش ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا،میٹرو بس سروس،راولپنڈی کارڈیالوجی سینٹر جیسا جدید ترین ہسپتال،پارکوں اور جدید ترین بنیادی انفرسٹرکچر کا جال مسلم لیگ ن کے ویڑنری قائد محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کے وہ کارنامے ہیں جو ترقی اور خوشحالی کا کھلا ثبوت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ آپ کے قائد عوام کے حق ووٹ اور ووٹ کی عزت کیلیے جیل میں ہیں کیا ان کا یہ مطالبہ غلط ہے کہ اس ملک میں عوام کے حق رائے دہی کی عزت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب اس ملک میں عوام کے مینڈیٹ کا احترام ہو گا کیونکہ اب اس تحریک کے روح رواں قائد پاکستان محمد نواز شریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو آپ نے خدمت اور کام کو ووٹ دینا ہے اور پاکستان کو ترقی اور اس کے دشمنوں کو شکست فاش سے دوچار کرنا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں