بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کو جہنم بنا دیا ہے جہاں زندگی سسک رہی ہے‘مشتاق منہاس

اقوام متحدہ سمیت عالمی دارے بھارتی فوج کے ظلم وبربریت کا نوٹس لیں‘وزیر اطلاعات وسیاحت آزاد کشمیر

پیر 20 اگست 2018 14:49

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتا ق احمد منہاس نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کو جہنم بنا دیا ہے۔ جہاں زندگی سسک رہی ہے۔اقوام متحدہ سمیت عالمی دارے بھارتی فوج کے ظلم وبربریت کا نوٹس لیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیر ی عوام کے سیاسی ، مذہبی اور بنیادی حقوق غصب کررکھے ہیں جبکہ بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر قیادت مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیح اول مسئلہ کشمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا کر عالمی برادری کو یہ پیغام دیا کہ کشمیری کسی صورت بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے اور بھارت کے جبری قبضے کو ہر صورت ختم کر کے دم لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے الحاق پاکستان کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے کیونکہ پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا سرینگر میں لہلاتے سبز ہلالی پرچم اس بات کا کھلا ثبوت ہیں کہ19جولائی کوآبی گزرگاہ سرینگر میں منظور کی جانے والی قرار داد الحاق پاکستان ہر کشمیر ی کے دل میں ہے۔ انہوں نے امریکہ ، روس ، چین سمیت عالمی طاقتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی جانب سے عمر رسیدہ خواتین ، بچوں اور نوجوان کشمیریوں پر بدترین مظالم کا نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے کالے قوانین کی آڑ لیکر لوگوں کو اپنے گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے۔ وزیر اطلاعات نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ بھارت دنیا کی جمہوریتوں کے ماتھے پرسیاہ دھباہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی ہر فورم پر بھارت کا پیچھا کریں گے اور ہر جگہ بھارت کی کشمیر دشمنی کو اجاگر کریں گے تاکہ مہذب اقوام بھارت کا مکروہ چہرہ دیکھ سکیں-

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں